جمعه, آوریل 19, 2024
Homeخبریںافغانستان: خان سید 'سجنا' کی ہلاکت کی اطلاع

افغانستان: خان سید ‘سجنا’ کی ہلاکت کی اطلاع

کراچی: (ویب ڈیسک)افغانستان میں امریکی جاسوس طیارے کے حملے میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے کمانڈر خان سید ‘سجنا’ کی مبینہ ہلاکت کی اطلاع سامنے آئی ہے.

امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز کی رپورٹ میں ایک پاکستانی انٹیلی جنس عہدیدار کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان کی سرحد سے منسلک افغان صوبے خوست میں ہونے والے ڈرون حملے کے نتیجے میں کم از کم 12 عسکریت پسند ہلاک جبکہ 20 زخمی ہوئے.

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایک اور پاکستانی انٹیلی جنس عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر خان سید ‘سجنا’ کی ہلاکت کی تصدیق کی.

مقامی عمائدین کے مطابق ڈرون حملہ اُس وقت ہوا جب طالبان کے مختلف دھڑوں میں اختلافات دور کرنے کے لیے ایک جرگہ جاری تھا.

تاہم پاک افغان سرحدی علاقوں میں میڈیا کی رسائی نہ ہونے کی وجہ سے آزاد ذرائع سے ان دعووں کی تصدیق نہ ہو سکی.

افغانستان میں ڈرون حملوں کی ٹریکنگ اس لحاظ سے مشکل ہے کیوں کہ زیادہ تر حملے دوردراز پہاڑی علاقوں میں کیے جاتے ہیں.

اس حوالے سے امریکی حکام کی جانب سے بھی کوئی بیان سامنے نہیں آیا جو عموماً ڈرون حملوں پر عوامی سطح پر بات نہیں کرتے۔

دوسری جانب ‘سجنا’ کی ہلاکت کی خبر کی ٹی ٹی پی کے محسود گروپ کی جانب سے بھی تردید نہیں کی گئی، جو اس گروپ کے سربراہ ہیں۔

امریکی اخبار کی رپورٹ کے مطابق 2014 میں خان سید ‘سجنا’ نے ٹی ٹی پی کے ‘مرکزی’ سربراہ ملا فضل اللہ کو کھلے عام مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اپنے عیلحدہ گروپ کے ساتھ لڑائی جاری رکھیں گے۔

کالعدم تحریک طالبان پاکستان میں تقسیم، سابق ٹی ٹی پی کمانڈر حکیم اللہ محسود کی ایک امریکی ڈرون حملے میں ہلاکت کے بعد شروع ہوئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز