پنج‌شنبه, آوریل 18, 2024
Homeخبریںاقوام متحدہ: ’داعش‘ کے خلاف قرار داد متفقہ طور پر منظور

اقوام متحدہ: ’داعش‘ کے خلاف قرار داد متفقہ طور پر منظور

ہمگام نیوز::اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں متقفہ طور پر منظور کی جانے والے ایک قرارداد میں تمام ممالک پر زور دیا گیا ہے کہ وہ نام نہاد شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ کے خلاف جنگ میں شامل ہوں۔
یہ قرارداد فرانس کی جانب سے پیرس حملوں کے بعد سلامتی کونسل میں پیش کی گئی تھی۔
اس قرارداد میں عراق اور شام میں سرگرم دولتِ اسلامیہ کے خلاف کارروائیوں کو مربوط انداز میں دوگنا کرنے کا کہا گیا ہے۔
قرارداد میں دولتِ اسلامیہ کو دنیا کے امن و سکیورٹی کے لیے ایک غیر معمولی عالمی خطرہ قرار دیا گیا ہے۔
فرانس کی پارلیمان کے ایوان زیریں میں ایمرجنسی کی مدت میں توسیع کی منظوری فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق قرارداد میں سلامتی کونسل نے تمام ممالک کو دولتِ اسلامیہ کے خلاف تمام ضروری اقدامات کرنے کی اجازت دی ہے۔فرانس کے صدر فرانسوا اولاند نے قرارداد کی منظوری کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کی مدد سے دولت اسلامیہ کو ختم کرنے کے لیے ممالک کو متحرک کرنے میں مدد ملے گی۔
قرارداد میں فوجی کارروائی کی قانونی بنیاد فراہم نہیں کی گئی اور قوام متحدہ کے چارٹر کی شق سات بھی شامل نہیں جس کے تحت طاقت کے استعمال کی قانونی طور پر اجازت دی جاتی ہے تاہم فرانسیسی سفارت کاروں کے مطابق اس سے دولتِ اسلامیہ کے خلاف جنگ میں اہم بین الاقوامی سیاسی حمایت حاصل ہو گی۔
یہ قرارداد فرانسیسی صدر فرانسوا اولاند کی پیرس حملوں کے بعد دولتِ اسلامیہ کے خلاف سخت عالمی ردعمل کی پالیسی کا حصہ ہے۔ ایسی پالیسی کے تحت صدر اولاند آئندہ ہفتے واشنگٹن اور ماسکو کا دورہ کریں گے۔
جمعے کو ہی فرانسیسی وزیرِ داخلہ برنار کیزنیو نے کہا تھا کہ پیرس حملوں کے پیشِ نظر یورپی ممالک کے لیے ضروری ہے کہ وہ دہشت گردی کے خطرات سے خبردار ہو جائیں اور اس کے مقابلے کے لیے خود کو منظم کریں۔
دوسری جانب پیرس میں حملے کا ایک ہفتہ پورا ہونے پر پیرس میں ہزاروں افراد ان حملوں میں نشانہ بنائے جانے والے چھ مقامات کے باہر جمع ہیں اور ہلاک شدگان کو خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں۔
گذشتہ جمعے کی رات کو پیرس میں ہونے والے حملوں میں 129 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز