پنج‌شنبه, مارس 28, 2024
Homeخبریںامریکا: فائرنگ سے 3 افراد ہلاک اور 9 زخمی

امریکا: فائرنگ سے 3 افراد ہلاک اور 9 زخمی

کولوراڈو(ہمگام نیوز) امریکی ریاست کولوراڈو کے فیملی پلاننگ سینٹر (پلینڈ پیرنٹ ہڈ کلینک) میں مسلح حملہ آور کی فائرنگ سے 3 افراد ہلاک اور 9 زخمی ہوگئے، جبکہ پولیس نے آپریشن کے بعد حملہ آور کو گرفتار کرلیا۔

امریکی خبر رساں ادارے ’اے پی‘ کے مطابق کولوراڈو کی میونسپلٹی کولوراڈو اسپرنگز کے پلینڈ پیرنٹ ہڈ کلینک میں مسلح شخص نے گھس کر اندھا دھند فائرنگ کردی۔

مسلح شخص نے کلینک میں موجود کئی افراد کو گھنٹوں تک یرغمال بنائے رکھا جس کے بعد پولیس کی بھاری نفری نے کامیاب آپریشن کرکے مغویوں کو بازیاب کراتے ہوئے حملہ آور کو گرفتار کرلیا۔

ہلاک ہونے والوں میں ایک پولیس آفیسر اور 2 عام شہری شامل ہیں، جبکہ زخمی ہونے والے 9 افراد میں سے بھی 5 پولیس اہلکار ہیں۔

آپریشن کے دوران بازیاب کرائی گئی ایک مغوی جینیفر موٹولینیا کا کہنا تھا کہ جب فائرنگ شروع ہوئی تو وہ ایک ٹیبل کے پیچھے چھپ گئیں اور وہاں سے اپنے بھائی جان موٹولینیا کو فون کرکے کہا کہ ’میرے بچوں کا خیال رکھنا کیونکہ میں مرنے والی ہوں‘۔

جان موٹولینیا کہتے ہیں کہ وہ جینیفر کے فون کے بعد فوراً کلینک کی جانب روانہ ہوئے لیکن پولیس نے انہیں اندر جانے سے روک دیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ حملہ آور نے کس ارادے سے فیملی پلاننگ سینٹر پر حملہ کیا، اس کی تحقیقات کی جارہی ہیں، جبکہ حملہ آور کی شناخت بھی ظاہر نہیں کی گئی ہے۔

امریکی صدر براک اوباما نے واقعے پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس طرح کے واقعات روکنے کے لیے سخت اقدامات اُٹھانے کا عندیہ دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز