پنج‌شنبه, مارس 28, 2024
Homeخبریںبلیک بیری کا پاکستان میں آپریشن ختم کرنے کا اعلان

بلیک بیری کا پاکستان میں آپریشن ختم کرنے کا اعلان

اسلام آباد(ہمگام نیوز)اسمارٹ فون بنانے والی کمپنی بلیک بیری نے 30 نومبر کے بعد سے پاکستان میں اپنا آپریشن بند کرنے کا اعلان کردیا۔

کمپنی کے چیف آپریٹنگ آفیسر (سی او او) مارٹی بیئرڈ نے اپنے بیان میں اس کی تصدیق کی۔

بلیک بیری کی آفیشل ویب سائٹ پر شائع ہونے والے بیان کے مطابق کمپنی اس مارکیٹ (پاکستان) سے بے دخل ہورہی ہے، کیونکہ پاکستان میں ہماری موجودگی، ہمارے صارفین کی رازداری کے تحفظ سے ہماری وابستگی پر اعتراض پیدا کرسکتی ہے۔

سی او او کے مطابق، “جولائی میں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے ملک کے موبائل فون آپریٹرز کو مطلع کیا کہ بلیک بیری کے بی ای ایس سرورز کو سیکیورٹی خدشات کی بنا پر دسمبر سے ملک میں آپریٹ نہیں کرنے دیا جائے گا۔”

ان کا مزید کہنا تھا، “پاکستان کی جانب سے ملک میں ہمارے صارفین کے کمیونیکشین ڈیٹا تک مکمل رسائی کے مطالبے نے ہمارے پاس کوئی چارہ نہیں چھوڑا کہ ہم مکمل طور پر یہاں سے چلے جائیں۔”

مارٹی بیئرڈ کا کہنا تھا کہ پاکستانی حکومت ملک میں بلیک بیری انٹرپرائز سروس (بی ای ایس) کے تمام ٹریفک کی نگرانی کرنا چاہتی تھی،جس میں ای میلز اور بلیک بیری میسنجر میسجز بھی شامل تھے۔

سی او او نے بیان میں کہا، “پاکستان کا مطالبہ پبلک سیفٹی کا سوال نہیں تھا، ہم قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مجرمانہ سرگرمیوں کی تحقیقات میں تعاون کرنے پر خوشی محسوس کرتے لیکن پاکستان کی جانب سے ہمارے تمام بی ای ایس سرورز اور صارفین کی مکمل معلومات تک رسائی کا مطالبہ کیا گیا تھا۔”

یہ بھی پڑھیں

فیچرز