پنج‌شنبه, مارس 28, 2024
Homeخبریںبھارتی پنجاب میں مسلح افراد کا حملہ، سات افراد ہلاک

بھارتی پنجاب میں مسلح افراد کا حملہ، سات افراد ہلاک

دہلی(ہمگام نیوز) بھارتی صوبہ پنجاب میں مسلح افراد نے ایک بس اسٹیشن اور ایک پولیس تھانے پر حملہ کیا ہے۔ حکام کے مطابق فوجی کمانڈوز کی ان حملہ آوروں کے ساتھ جھڑپ جاری ہے۔ خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق ان حملوں میں سات افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

ھارتی پنجاب کی صوبائی حکومت کے ایک ترجمان ہرچرن سنگھ کے مطابق ہلاک ہونے والے سات افراد میں دو حملہ آور بھی شامل ہیں۔ سینیئر پولیس افسر دینکار گپتا کے مطابق پنجاب کے شہر گورداس پور میں حملہ آوروں نے، جن کے بارے میں خیال ہےکہ وہ بھارت کے زیرانتظام کشمیر سے آئے تھے، ایک شخص سے ایک کار چھینی اور پھر اس کے بعد ایک بس اڈے پر فائرنگ کی اور ایک قریبی پولیس اسٹیشن میں داخل ہو گئے۔ جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کے مطابق حملہ آور فوجی یونیفارم میں ملبوس تھے۔

دینکار گپتا نے ایسوسی ایٹڈ پریس کو مزید بتایا کہ فوج اور پولیس کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور ان کا حملہ آوروں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ ہو،ا جنہیں بیرکوں تک محدود کر دیا گیا ہے۔ بھارتی وزیر دفاع منوہر پاریکر کے مطابق فوجی کمانڈوز بھی پولیس کی مدد کو پہنچ چکے ہیں۔

بھارتی ٹیلی وژن چینلز کے مطابق تین سے چار باغیوں نے گورداس پور کے قریب یہ حملہ کیا ہے۔ بھارتی ریاست پنجاب کا شہر گورداس پور دارالحکومت نئی دہلی سے 450 کلومیٹر شمال میں واقع ہے۔ آل انڈیا ریڈیو کے مطابق پولیس کو اس علاقے میں ریلوے لائن کے قریب پانچ بم بھی ملے ہیں جس کی وجہ سے ریلوے سروس معطل کر دی گئی ہے۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں علیحدگی پسند 1989ء سے آزادی یا پھر پاکستان میں شامل ہونے کے لیے لڑ رہے ہیں۔ تاہم آج پیر 27 جولائی کا یہ حملہ بھارتی ریاست پنجاب میں کیا گیا ہے جہاں 1980ء کی دہائی میں سکھوں کی طرف سے علیحدگی کے لیے مسلح تحریک چلائی گئی تھی۔

بھارتی خبر رساں ادارے پی ٹی آئی کے مطابق ملکی وزارت داخلہ نے پاکستان کی سرحد سے ملحقہ علاقوں میں سکیورٹی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے پنجاب کے وزیر اعلیٰ پرکاش سنگھ بادل اور بھارت کے وفاقی مشیر برائے سکیورٹی اجیت دوول سے اس صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ پی ٹی آئی کے مطابق وزیر داخلہ نے بادل کو مرکز کی طرف سے مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا، ’’میں نے بی ایس ایف (بارڈر سکویرٹی فورس) کے ڈائریکٹر جنرل کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ سرحد کے ساتھ اپنے دستوں کو الرٹ کر دیں۔‘‘

یہ بھی پڑھیں

فیچرز