جمعه, مارس 29, 2024
Homeخبریںحقانی نیٹ ورک کے سربراہ ’ایک برس قبل انتقال‘ کر گئے تھے

حقانی نیٹ ورک کے سربراہ ’ایک برس قبل انتقال‘ کر گئے تھے

کابل(ہمگام نیوز) افغانستان میں شدت پسند گروپ حقانی نیٹ ورک کے قریبی ذرائع کے مطابق گروپ کے سربراہ جلال الدین حقانی ایک برس قبل انتقال کر گئے تھے۔

ذرائع نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ جلال الدین حقانی کا انتقال طویل علالت کی وجہ سے ہوا اور ان کی تدفین افغانستان میں کی گئی۔

گذشتہ کئی برس بھی حقانی نیٹ ورک کے بانی کے ہلاک ہونے کی افواہیں گردش کرتی رہی ہیں تاہم ان اطلاعات کی تردید کی جاتی تھی۔

حقانی نیٹ ورک کے سربراہ کی موت کی خبر ایک ایسے وقت سامنے آئی ہے جب جمعرات کو افغان طالبان کے ترجمان نے اپنی تحریک کے امیر ملا محمد عمر کے انتقال کی تصدیق کی تھی۔

افغان حکام نے کہا تھا کہ ان کا انتقال دو برس قبل پاکستان میں ہوا تھا تاہم طالبان نے نہ تو ان کی موت کی وجہ اور وقت بتایا تھا لیکن یہ ضرور کہا تھا کہ وہ اپنی زندگی میں کبھی پاکستان نہیں گئے تھے۔

خیال کیا جا رہا ہے اس وقت جلال الدین حقانی کے بیٹے سراج الدین حقانی نیٹ ورک کی سربراہی کر رہے ہیں۔

افغانستان میں نیٹو اور افغان افواج پر حملوں، کابل سمیت مختلف علاقوں میں شدت پسند واقعات کا الزام حقانی نیٹ ورک پر عائد کیا جاتا رہا ہے۔

حقانی نیٹ ورک افغانستان کے شمال مشرقی صوبوں کنڑ اور ننگرہار اور جنوب میں زابل، قندھار اور ہلمند میں مضبوط گروپ کے طور پر پہچانا جاتا ہے۔

جلال الدین حقانی کا تعلق افغانستان کے صوبہ پکتیکا سے تھا اور انھوں نے 1980 کی دہائی میں شمالی وزیرستان سے سابقہ سویت یونین کے افغانستان میں قبضے کے دوران منظم کارروائیاں کیں۔

حقانی نیٹ ورک کے بانی جلال الدین حقانی 2001 ایک کے آخر میں اسلام آباد کے آخری سرکاری دورے پر آنے والے رہنماؤں میں سے ایک تھے۔یہ وہی وقت تھا جب امریکہ نے افغانستان میں طالبان کی حکومت کے خلاف جنگ شروع کی تھی۔

اس کے بعد حقانی روپوش ہو گئے اور کئی مہینوں کے بعد پاکستان کے قبائلی علاقے وزیرستان میں سامنے آئے جہاں انہوں نے مغربی طاقتوں کے خلاف شدت پسندوں پر مشتمل ایک مزاحتمی گروپ تشکیل دیا ۔

اس کے بعد سے اس گروپ نے جتنا نقصان مغربی افواج کو پہنچایا کسی اور گروپ نے نہیں پہنچایا۔

اس گروپ کے القاعدہ اور طالبان کے ساتھ گہرے تعلقات ہیں۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز