پنج‌شنبه, مارس 28, 2024
Homeخبریںدنیا کو جھنجھوڑ دینے والے ایلان کی کوبانی میں تدفین

دنیا کو جھنجھوڑ دینے والے ایلان کی کوبانی میں تدفین

ہمگام نیوز۔ شام سے یونان جانے کی کوشش میں ڈوب کر مر جانے والے ایلان کردی نامی بچے اور ان کے اہل خانہ کی تدفین شام کے شہر کوبانی میں کر دی گئی ہے۔

ترکی کے ساحل پر اوندھے منہ پڑے ایلان کردی کی تصویر نے دنیا کو جھنجھوڑ کے رکھ دیا ہے۔

ترکی کے بودرم جزیرہ نما سے یونان کے جزیرے کوس جانے کی کوشش میں ایلان، اس کا پانچ سالہ بھائی گالپ اور والدہ ریحان کشتی ڈوب جانے کے باعث ہلاک ہو گئے تھے۔

ان کی لاشیں ترکی سے کردوں کے زیرِ قبضہ شامی شہر کوبانی لائی گئیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ ایلان کے والد تین لاشوں سمیت ترکی کے سرحدی شہر سے کوبانی میں داخل ہوئے۔

ایلان کردی کے والد عبداللہ کردی نےمیڈیا کو بتایا کہ کشتی کے سمندر میں جانے کے کچھ منٹ بعد اونچی لہریں اس سے ٹکرانے لگیں اور اسی دوران کپتان چھلانگ لگا کر کشتی سے اتر گیا۔

’میں نے اپنے بچوں اور بیوی کو پکڑنے کی کوشش کی لیکن کچھ نہیں ہو سکتا تھا۔ وہ ایک کے بعد ایک جان دیتے گئے۔‘

’میں نے کشتی چلانے کی کوشش کی لیکن ایک اور اونچی لہر نے اسے الٹا دیا۔ یہ وہ وقت تھا جب یہ سب کچھ ہوا۔‘

اطلاعات کے مطابق عبداللہ نے سفر سے پہلے کینیڈا میں پناہ کی درخواست جمع کروائی تھی لیکن ان کی درخواست مسترد کر دی گئی تھی۔

عبداللہ کی بہن تیما کردی نے، جو کینیڈا کے شہر وینکوور میں رہتی ہیں، کینیڈا کے اخبار نیشنل پوسٹ کو بتایا کہ وہ مشرقِ وسطیٰ سے نکلنے میں ان کی مدد کر رہی تھیں۔

’میں انھیں سپانسر کرنے کی کوشش کر رہی تھی لیکن ہم انھیں وہاں سے نکالنے میں کامیاب نہیں ہوئے اور اسی وجہ سے وہ کشتی میں گئے۔‘

اطلاعات کے مطابق عبداللہ کو دولتِ اسلامیہ یا کسی اور جہادی تنظیم نے کوبانی کے محاصرے کے دوران اغوا کر کے تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔

کردی خاندان کے پاس اس لیے بھی کوئی اور راستے نہیں بچا تھا کیونکہ ترکی سے نکلنے کے لیے شامی کرد پناہ گزینوں کو پاسپورٹ درکار ہوتا ہے جو بہت کم لوگوں کے پاس ہوتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز