جمعه, مارس 29, 2024
Homeخبریںمجھے اغوا کرنے کے پیچھے ملٹری اسٹیبلشمنٹ کا ہاتھ ہوسکتا ہے:طحہ صدیقی

مجھے اغوا کرنے کے پیچھے ملٹری اسٹیبلشمنٹ کا ہاتھ ہوسکتا ہے:طحہ صدیقی

اسلام آباد (ہمگام نیوز)پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں مسلح افراد نے عالمی نشریاتی اداروں کے لیے کام کرنے والے صحافی طحہ صدیقی کو اغوا کرنے کی کوشش کی مگر وہ بچ نکلنے میں کامیاب رہے ہیں۔

طحہ نے عبداللہ فاروقی کو بتایا کہ یہ واقعہ منگل کی صبح ایکسپریس وے پر اس وقت پیش آیا جو وہ ایئرپورٹ کی جانب جا رہے تھے جہاں سے انھیں لندن کے لیے روانہ ہونا تھا۔

طٰحہ کا کہنا تھا کہ ہائی وے پر ایک وٹز گاڑی اور ڈبل کیبن نے جن میں آٹھ سے دس افراد موجود تھے ان کی ٹیکسی کو سامنے اور پیچھے سے روکا۔

’انھوں نے مجھے گاڑی سے گھسیٹ کر نکالا اور انگریزی میں پوچھا تم اپنے آپ کو کیا سمجھتے ہو، تم ہمارے ساتھ چلو؟’

طٰحہ صدیقی نے بتایا کہ مزاحمت کرنے پر انھیں تشدد کا نشانہ بنانے کے علاوہ جان سے مارنے اور ٹانگ میں گولی مارنے کی دھمکی دی گئی جس پر انھوں نے مسلح افراد کے ساتھ جانے پر رضامندی ظاہر کر دی۔

‘انھوں نے مجھے گردن سے پکڑ کر گاڑی میں بٹھایا تو میں نے دیکھا کہ گاڑی کا ایک دروازہ لاک نہیں تھا تو میں نے سیکنڈ میں فیصلہ کیا کہ میں بھاگ جاؤں اور میں نے دروازہ کھول کر آئی لینڈ پر چھلانگ لگادی اور اسلام آباد ہائی وے کے دوسری جانب پہنچ گیا۔ اس دوران مجھے پیچھے سے گولی مار دو کی آوازیں سنائی دیں لیکن گولی نہیں چلی۔’

ایک سوال کے جواب میں انھوں نے بتایا کہ انھیں اغوا کرنے کے لیے آنے والے مسلح افراد گاڑی میں موجود ان کی تمام ضروری اشیا بھی ساتھ لے گئے جس میں ان کا پاسپورٹ، موبائل فون، لیپ ٹاپ کمپیوٹر، سوٹ کیس اور وہ ہارڈ ڈرائیوز شامل ہیں جس میں ان کی ویڈیوز موجود تھیں۔

طحہ صدیقی نے بتایا کہ وہ ان دنوں پاکستان میں ہالی وڈ کے فلمساز مائیکل ونٹر بوٹم کے لیے کام کر رہے ہیں جس نے پاکستان میں امریکی صحافی ڈینئل پرل کے اغوا اور قتل کے موضوع پر ’مائٹی ہارٹ‘ نامی فلم بنائی تھی۔

ان کے مطابق وہ اس فلم کے پاکستان میں فلمائے گئے چند مناظر ہی لے کر لندن جا رہے تھے۔

طحہ صدیقی نے شبہ ظاہر کیا کہ ‘مجھے اغوا کرنے کے پیچھے ملٹری اسٹیبلشمنٹ کا ہاتھ ہوسکتا ہے کیونکہ میں پاکستان میں ان کے کام کے بارے میں کھل کر لکھتا ہوں اور مجھے اس سلسلے میں کئی انتباہی کالز بھی موصول ہو چکی ہیں اور میرا ایک مقدمہ بھی عدالت میں زیرِ التوا ہے جس کی پیروی عاصمہ جہانگیر کر رہی ہیں۔’

یہ بھی پڑھیں

فیچرز