پنج‌شنبه, مارس 28, 2024
Homeخبریںکابل:ائیرپورٹ پہ خودکش حملہ: معتددہلاک و زخمی

کابل:ائیرپورٹ پہ خودکش حملہ: معتددہلاک و زخمی

کابل( ہمگام نیوز)افغانستان میں پولیس کا کہنا ہے کہ کابل کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے قریب ایک چوکی پر خود کش حملہ ہوا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ چیک پوسٹ کے قریب ایک خودکش حملہ آور نے گاڑی دھماکے سے اڑا دی گئی اور اس کے نتیجے میں کم از کم چار سکیورٹی اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔
حکام کے مطابق دھماکے میں 17 افراد زخمی ہو گئے ہیں اور ان میں سکیورٹی اہلکاروں کے علاوہ عام شہری بھی شامل ہیں۔
ابھی تک دھماکے کی ذمہ داری کسی گروہ کی طرف سے قبول نہیں کی گئی ہے لیکن اس سے قبل کابل شہر میں ہونے والے دھماکے تین دھماکوں میں سے ایک کی ذمہ داری طالبان نے قبول کی تھی۔ ان دھماکوں میں 50 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ خود کش حملہ آور کا ہدف بکتر بند گاڑیوں کا ایک قافلہ تھا۔
کابل پولیس کے سربراہ سید گل آغا روحانی نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ سوموار کی دوپہر ایک خود کش حملہ آور نے شہر کے ہوائی اڈے کے راستے میں پہلی چوکی سے اپنی گاڑی ٹکرا دی۔
جائے وقوعہ سے موصول ہونے والی تصاویر میں دھماکے کی جگہ سے دھوئیں کے سیاہ بادل اٹھتے دکھائی دیتے ہیں جس سے دھماکے کی شدت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ دھماکے کے بعد یہ شاہراہ ایمبولینسوں کے سائرنوں سے گونجنے لگی۔
افغانستان کے دارالحکومت کابل میں گذشتہ چند دنوں میں دہشت گردی کی کئی کارروائیاں ہوئی ہیں اور یہ تازہ حملہ بظاہر انہی کارروائیوں کی ایک کڑی نظر آتا ہے۔
کابل میں گذشتہ جمعے کو ہونے والے دہشت گردی کے تین سنگین واقعات کے بعد صدر اشرف غنی نے سنیچر کو قومی سلامتی کونسل کے ایک ہنگامی اجلاس کی صدارت کی تھی جس میں ملک میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورت حال پر غور کیا گیا تھا۔
اس سے پہلے طالبان کے ایک خود کش حملہ آور نے جمعے کو شہر میں پولیس اکیڈمی کے قریب اپنے آپ کو دھماکے سے اُڑا لیا تھا جس میں پولیس میں بھرتی کے خواہش مند 20 امیدوار ہلاک ہو گئے تھے۔
اس کے تھوڑی ہی دیر بعد مسلح افراد نے ہوائی اڈے کے قریب واقع نیٹو کے فوجی اڈے ’کیمپ انٹیگرٹی‘ پر حملہ کر دیا تھا۔
اس حملے میں نیٹو کے ایک فوجی اہلکار کار اور آٹھ ٹھیکیداروں سمیت 11 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
جمعے ہی کو شاہ شاہد کے علاقے میں واقع ایک فوجی اڈے کے باہر بارود سے بھرے ایک ٹرک میں دھماکے سے 15 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز