جمعه, آوریل 19, 2024
Homeخبریںکابل میں عراقی سفارت خانے کے قریب خودکش حملہ۔

کابل میں عراقی سفارت خانے کے قریب خودکش حملہ۔

کابل(ہمگام نیوز) کابل میں عراق کے سفارت خانے کے باہر خود کش کار حملہ ہوا ہے جس کے بعد علاقے میں افغان سکیورٹی فورسز اور مسلح افراد کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہورہا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق ایک خود کش حملہ آور نے بارود سے بھری اپنی گاڑی کابل کے مرکزی علاقے میں واقع عراقی سفارت خانے کے دروازے کے پاس دھماکے سے اڑادی ہے۔ دھماکے کےبعد مسلح حملہ آوروں نے سفارت خانے کی عمارت میں گھسنے کی کوشش کی جس پر ان کا وہاں موجود محافظوں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے۔ افغان وزارتِ داخلہ کے ترجمان نجیب دانش نے خبر رساں ادارے ‘اے پی’ کو بتایا ہے کہ عراقی سفارتی عملے کو عمارت سے بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق حملہ آوروں کی تعداد تین تھی جب کہ بعض پولیس افسران نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ حملہ آوروں کی تعداد پانچ تک ہوسکتی ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق کار دھماکے کے بعد سفارت خانے کے علاقے کو افغان پولیس اور فوج کے دستوں نے گھیر لیا تھا جب کہ علاقے سے وقفے وقفے سے فائرنگ اور دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ تاحال دھماکے اور حملے کے نتیجے میں ہونے والے جانی نقصان کی تفصیل واضح نہیں ہوسکی ہے اور نہ ہی کسی تنظیم نے حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ عراق کا سفارت خانہ کابل کے علاقے شہرِ نو میں واقع ہے جو کابل کے انتہائی حساس علاقے ‘گرین زون’ سے متصل ہے جہاں بیشتر سرکاری عمارتیں اور غیر ملکی سفارتی تنصیبات واقع ہیں۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز