جمعه, مارس 29, 2024
Homeخبریںکوئٹہ: بلوچ شہداء کمیٹی کی جانب سے مظاہرہ

کوئٹہ: بلوچ شہداء کمیٹی کی جانب سے مظاہرہ

ہمگام نیوز
آج بروز 13 نومبر یوم بلوچ شہداء کے مناسبت سے بلوچ شہداء کمیٹی نے کوئٹہ میں ایک ریلی کا انعقاد کیا ، ریلی کا آغاز منان چوک سے ہوا جو جناح روڈ سے ہوتے ہوئے پریس کلب کے سامنے جلسے کی صورت اختیار کرگئی ۔ تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے مختلف علاقوں کی طرح آج کوئٹہ میں بھی بلوچ شہداء کمیٹی کے زیر اہتمام یومِ بلوچ شہداء کے مناسبت سے ایک ریلی نکالی گئی ، ریلی کا آغاز منان چوک کوئٹہ سے ہوا مقررہ وقت پر کثیر تعداد میں بلوچ عوام خاص طور پر بلوچ خواتین جمع ہوئے وہاں سے شرکاء ریلی کی صورت میں جناح روڈ سے ہوتے ہوئے پریس کلب کوئٹہ پہنچے اس دوران شرکاء نے ہاتھوں میں بینر اور پوسٹر اٹھائے ہوئے تھے جن پر شہداء کے تصاویر آویزاں تھے ۔ پریس کلب کے سامنے شرکاء نے شہداء کی یاد میں دو منٹ خاموشی اختیار کی پھر شہداء کے تصاویر کے سامنے شمع روشن کرکے چراغاں کیا ۔ مقررین نے یوم بلوچ شہداء کے بابت خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 13 نومبر کو شہداء کا دن منانے کا مقصد تمام بلوچ شہداء کو یاد کرنا ہے اور ان کے مقصد سے تجدید عہد کرنا ہے ، ان بلوچ شہداء نے اپنی قیمتی جانیں ایک آزاد اور خوشحال بلوچ سماج کے حصول کیلئے قربان کردیں ، ان کا مقصد اور منزل صرف ایک آزاد بلوچ سماج تھا آج دنیا بھر میں بلوچ ان شہداء کی یاد میں جمع ہوکر انہیں یاد رکررہے ہیں اور ان سے تجدید عہد کررہے ہیں ۔ ان بلوچ شہداء کے قربانیوں نے ہی آج بلوچ قوم کے ہر فرد میں یہ شعور بیدار کیا ہے کہ وہ اپنی حالات بدلنے اور اپنی سر زمین کو دشمن کے قبضے سے آزاد کرنے کیلئے ایک ہوکر اپنی پوری کوشش کریں اگر اس کوشش میں جان بھی چلی جاتی ہے تو یہ ایک سعاد ت ہوگی۔ پریس کلب کے سامنے شہداء کی یاد میں ہوئے چراغاں دیکھ کر کثیر تعداد میں مزید بلوچ جمع ہوگئے اس دوران ایک نہایت عقیدت مندانہ اور جذباتی ماحول پیدا ہوگیا ۔ یاد رہے بلوچ آزادی پسندوں نے 13 نومبر کا دن ان شہداء سے منسوب کیا ہے جنہوں نے اپنی جانیں بلوچ قومی آزادی کیلئے قربان کردی ہر سال یہ دن انتہائی عقیدت کے ساتھ منایا جاتا ہے ، دریں اثناء آج تمپ اور کراچی میں بھی اسی طرز کی ریلیاں نکالی گئیں اور تربت و پنجگور میں یادگاری ریفرنس منعقد ہوئے جن میں بلوچ عوام نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز