تہران(ہمگام نیوز) ایران نے اسی ماہ چھے بڑی طاقتوں کے ساتھ جوہری معاہدہ طے پانے کے بعد مختلف منصوبوں میں سرمایہ کاری کی خواہاں بعض یورپی کمپنیوں کے ساتھ مذاکرات مکمل کر لیے ہیں اور ملک میں ان کے منصوبوں کی منظوری دے دی ہے۔

ایران کے نائب وزیر محمد خزاعی نے جمعرات کو یورپی یونین اور ایران کے درمیان تجارت کے فروغ سے متعلق کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ”ہم نے حال ہی میں یورپی سرمایہ کاروں کی ملک میں واپسی کو مشاہدہ کیا ہے۔ان کے ساتھ بعض مذاکرات مکمل ہوگئے ہیں اور ہم نے انھیں سرمایہ کاری کے لیے لائسنس کے اجراء اور تحفظ دینے کی منظوری دے دی ہے”۔

انھوں نے مزید بتایا کہ ”گذشتہ چند ہفتوں کے دوران ہم نے ایران میں یورپی کمپنیوں کے دو ارب ڈالرز سے زیادہ مالیت کے منصوبوں کی منظوری دی ہے”۔تاہم ایرانی نائب وزیر نے ان یورپی کمپنیوں کے نام نہیں بتائے اور نہ ان کی مزید تفصیل بتائی ہے۔