لندن (ہمگام نیوز) فری بلوچستان مومنٹ کے ترجمان نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ خطے کی بدلتی سیاسی و عسکری صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم نے اکتوبر دو ہزار اکیس میں آزادی پسند پارٹیوں کے مابین ہمکاری کے واسطے متعلقہ پارٹیوں سے گفت و شنید کے لئے اتحادی کمیٹیاں تشکیل دی تھیں، جس کا مقصد آزادی پسند پارٹیوں کے درمیان موجود سیاسی اختلافات کا حل نکالتے ہوئے ایک متفقہ و مشترکہ لائحہ عمل اور آپس میں متحد ہوکر کام کرنے کے لئے دوسرے آزادی پسند پارٹیوں سے گفت و شنید کرکے باہمی تعاون کے لئے ایک روڈمیپ تشکیل دینا تھا، تاکہ متحدہ بلوچستان کی آزادی کی جد و جہد کو مزید موثر بنایا جاسکے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ فری بلوچستان مومنٹ اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ قومی طاقت کو یکسو و یکجا کئیے بغیر بلوچستان کی آزادی کو حاصل کرنے کی مقصد میں ہمیں یقیناً مشکلات پیش آئیں گی اور اس حقیقت کو مدنظر رکھتے ہوئے فری بلوچستان موومنٹ اپنی تمام تر توانائیوں کو اس مقصد کے لئیے بروئے کار لانے کی کوشش کرتی رہیگی کہ بلوچ اجتماعی راجی قوت کو ایک ہی جگہ اکٹھا کیا جائے گو کہ اس ضمن میں ہمیں آج اور آنے والے کل کو بھی کئی طرح کے مشکلات کا سامنا ضرور کرنا پڑے گا لیکن ہم بلوچ عوام کو طاقت کی بنیادی ماخذ مانتے ہوئے انکو ایک رخ اور اجتماعی فلیٹ فارم دینے کی اپنی ان کوششوں میں کوئی دقیقہ فرو گزاشت نہیں کریں گے۔
بیان میں مزید کہا گیا اتحاد کے لئے شروع کی گئی گفت و شنید کو کامیاب کرنے کے لیے ہماری طرف سے کی گئی ان تمام کاوشوں کے باوجود ہمیں بڑے افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ ہم اپنے اس کوشش میں کامیاب نہ ہوسکے اور بدقسمتی سے تقریباً دو سال دس مہینے تک مسلسل کوششوں کے باوجود یہ عمل کامیاب نہ ہوسکا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ اتحادی عمل کے لئیے لازمی ہے کہ تمام فریقین کے مابین اتحاد جیسی قومی ضرورت اور مقصد کے لئیے بے انتہا گرم جوشی کا اظہار کیا جاتا کیونکہ اتحاد محض ایک فریق کے جانب سے بروئے کار لائی گئی کاوشوں پر مبنی نہیں ہوسکتی بلکہ فائدار اور اصولی اتحاد کے لئیے تمام فریقین کا قومی سوچ اور اخلاص کے ساتھ جمع ہونا لازم ہے لیکن اتحاد کے حوالے سے پے در پے رابطوں کے باوجود دوسری متعلقہ پارٹیوں اور ذمہ داروں کی طرف سے سرد مہری اور غیر سنجیدگی کی فضا تاحال برقرار ہے جو کہ قطعا خوش آئند بات نہیں ہے۔
لہذا ان تمام حقائق کو اور دوسرے فریقین کی سرد مہری و غیر سنجیدگی کو مدنظر رکھتے ہوئے ایف بی ایم کی کابینہ نے اتحادی کمیٹی کو دو ہفتوں کے بعد تحلیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
لیکن ہم اس بات کو واضح کرنا چاہتے ہیں فری بلوچستان مومنٹ بلوچ آزادی پسند پارٹیوں کے درمیان اتحادی عمل کے لئے نہ صرف ہمہ وقت تیار ہے بلکہ ہم سمجھتے ہیں کہ اتحاد کے بغیر ہماری قومی طاقت کمزور اور منتشر رہیگی جسکا فائدہ ماضی میں بھی دشمن قوتیں اٹھاتی رہی ہیں اور اب بھی اس انتشار کا فائدہ دشمن قوتیں ہی اٹھائیں گی، لیکن یہ حقیقت بھی پیش نظر رہے کہ کسی بھی اتحادی عمل کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے واسطے سنجیدگی، اصولوں پر مبنی گفت و شنید اور نیت نہایت اہمیت کے حامل ہیں۔