اسلام آباد (ہمگام نیوز ) مانیٹرنگ ڈیسک کی رپورٹ کے مطابق انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں بلوچ لانگ مارچ کے مظاہرین کے خلاف قانون نافذ کرنے والے اداروں کی طرف سے طاقت کے بے تحاشہ استعمال پر گہری تشویش ہے۔ ایمنسٹی نے ان ویڈیوز کا جائزہ لیا ہے جن میں مظاہرین کے خلاف واٹر کینن، آنسو گیس اور لاٹھیوں کا استعمال دکھایا گیا ہے۔

 آزادی، تحفظ اور احتجاج کے حقوق کی خلاف ورزی کرتے ہوئے درجنوں افراد کو حراست میں لیا گیا اور متعدد زخمی ہوئے، جن میں خواتین، نابالغ اور بوڑھے شامل ہیں۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل کا کہنا تھا کہ ہم حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ تمام مظاہرین کو فوری طور پر رہا کریں، اور ان کیخلاف صرف اظہار رائے کی آزادی اور احتجاج کے حق کے استعمال کے لیے لگائے گئے الزامات کو ختم کریں۔ بین الاقوامی معیارات کے مطابق بلوچستان میں تمام ماورائے عدالت قتل اور جبری گمشدگیوں کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کریں۔ ماورائے عدالت قتل کے متاثرین اور جبری طور پر لاپتہ ہونے والوں کے خاندانوں کی مالی معاونت کی جائے۔