زاہدان(ہمگام نیوز ) گزشتہ روز جمعہ کو بلوچ عالم دین مولوی عبدالحمید نے زاہدان کے مکی مسجد میں اپنے نماز جمعہ کے خطبہ میں کہا کہ تمام مسلمانوں اور غیر مسلموں کو شہریت کے حقوق حاصل ہیں اور حکومت کو شہریت کا احترام کرنا چاہیے۔ تمام غیر مسلم شہریوں کے حقوق دیئے جائیں۔ اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ کسی کو بھی قانون سے بالاتر نہیں ہونا چاہیے، انھوں نے ایران میں پھانسیوں میں اضافے پر بھی اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی عوام “بڑی تعداد میں پھانسیوں” سے پریشان ہیں۔ جو کہ ایک سنگین انسانی بحران ہے ۔
مولوی عبدالحمید نے کرمان میں IRGC قدس فورس کے سابق کمانڈر قاسم سلیمانی کی برسی کے موقع پر ہونے والے بم دھماکوں کی مذمت کی اور ان دھماکوں اور درجنوں افراد کی ہلاکت اور شہریوں کی بڑی تعداد کے زخمی ہونے کو انتہائی “حیران کن” قرار دیا۔ .
اس سلسلے میں مولوی نے فرمایا: “ہمارا عقیدہ ہے کہ کسی بھی بے گناہ کو، کہیں بھی، کسی بھی لباس میں، کسی بھی عقیدے، طریقہ سے قتل نہ کیا جائے۔”
مولوی عبدالحمید نے مزید کہا، سیکیورٹی حکام کو معلوم ہونا چاہیے کہ مشرق وسطیٰ میں حالات معمول پر نہیں ہیں اور انہیں زیادہ محتاط رہنا چاہیے۔
واضح رہے کہ 2023 میں ایران کے 26 مختلف شہروں میں 184 بلوچ قیدیوں کو مختلف الزامات کے ساتھ پھانسی دی گئی تھی، جس میں زاہدان جیلوں میں 54 اور بیرجند جیلوں میں 31 مقدمات کے ساتھ غیر انسانی سزائے موت دی گئی تھی، اور ان قیدیوں میں چار خواتین کو بھی پھانسی دی گئی۔