کولمبو (ہمگام نیوز) بھارت کی جانب سے پاکستان کو جیت کے لیے دیے گئے 357 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کو ابتدا میں ہی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اوپنر امام الحق اور فخر زمان نے محتاط انداز میں بیٹنگ کا آغاز کیا، لیکن امام الحق جسپریت بمراہ کی گیند پر سلپ میں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
امام کے بعد بابر اعظم پاکستانی فینز کی اُمید بن کر کریز پر آئے، لیکن ہاردک پانڈیا نے اُنہیں صرف 10 رنز پر بولڈ کر دیا۔ بابر کے آؤٹ ہونے کے بعد ایک بار پھر بارش نے میچ میں خلل ڈالا، لیکن جلد میچ دوبارہ شروع ہوا تو محمد رضوان بھی صرف دو رنز بنا کر شاردل ٹھاکر کی گیند پر وکٹ کیپر کے ایل راہل کو کیچ تھما بیٹھے۔
محمد رضوان کے بعد آغا سلمان اور فخر زمان نے پاکستان کا اسکور 77 تک پہنچایا، لیکن فخر زمان کو کلدیب یادیو نے ایل بی ڈبلیو کر دیا۔ بعدازاں آغا سلمان بھی ہمت ہار بیٹھے اور کلدیب یادیو کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔
افتحار احمد، شاداب خان اور فہیم اشرف کو بھی کلدیب یادیو نے آؤٹ کر کے میچ میں پانچ وکٹیں حاصل کر لیں اور یوں پاکستان نے نو وکٹوں کے نقصان پر 128 رنز بنائے تو میچ ختم کرنے کا اعلان کر دیا گیا۔ حارث رؤف اور نسیم شاہ انجری کے باعث بیٹنگ کے لیے نہیں آئے۔
اتوار کو بارش کی وجہ سے ملتوی ہونے والا میچ پیر کو ‘ریزرو ڈے‘ پر بھی تاخیر سے شروع ہوا۔ تاہم میچ کا آغاز ہونے کے بعد بھارتی بلے بازوں نے جم کر بیٹنگ کی۔
ریزرو ڈے پر جب میچ کا آغاز ہوا تو بھارت کا اسکور 24.1 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز تھا اور وراٹ کوہلی اور کے ایل راہل نے بیٹنگ کا سلسلہ وہیں سے شروع کیا جہاں سے اتوار کو بارش کے باعث رک گیا تھا۔
دونوں بلے بازوں نے شاہین شاہ آفریدی سمیت پاکستان کے ہر بالر کے خلاف جارحانہ حکمتِ عملی اپنائی۔
وراٹ کوہلی نے تین چھکوں اور نو چوکوں کی مدد سے 94 گیندوں پر 122 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ دوسری جانب انجری کے بعد ٹیم کا حصہ بننے والے کے ایل راہل بھی الگ ہی موڈ میں نظر آئے۔ کے ایل راہل نے 106 گیندوں پر 111 رنز کی اننگز کھیلی اور آؤٹ نہیں ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 10 اوورز میں 79 رنز دے کر ایک، نسیم شاہ نے 9.2 اوورز میں 53، فہیم اشرف نے 10 اوورز میں 74، حارث رؤف نے پانچ اوورز میں 27، شاداب خان نے 10 اوورز میں 71 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے ترجمان کے مطابق حارث رؤف نے انجری کے باعث اپنا بالنگ کوٹہ مکمل نہیں کیا۔ دوسری جانب نسیم شاہ بھی اپنا کوٹہ مکمل نہ کر سکے۔
خیال رہے کہ سپر فور مرحلے کا یہ میچ اتوار کو بارش کے باعث پیر تک ملتوی کر دیا گیا تھا۔ ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت ٹاکرے کے لیے خاص طور پر ریزرو ڈے رکھا گیا تھا۔
اتوار کو بھی بھارتی اوپنرز روہت شرما اور شبمن گل نے 122 رنز کی شراکت داری قائم کر کے اچھی بنیاد رکھ دی تھی۔