تربت(ہمگام نیوز) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک کی رپورٹ کے مطابق بالگتر کے رہائشی زمان جان اور ابوالحسن نامی نوجوانوں کی تربت میں گمشدگی کے خلاف ان کے اہل خانہ اور علاقہ مکینوں نے منگل کو شاپک کے مقام پر سی پیک شاہراہ ایم
ایٹ کو بلاک کرکے شاہراہ پر دھرنا دیا ہے۔ دھرنا میں بچوں اور خواتین کی بڑی تعداد شامل ہے۔
سی پیک شاہراہ پر دھرنا کے باعث تربت اور کوئٹہ کے علاوہ پنجگور، سوراب، خضدار اور مستونگ کا زمینی رابطہ تربت سے منقطع ہوگیا ہے صبح سے دھرنا جاری ہے جس کے نتیجے میں دونوں اطراف مسافر اور مال بردار گاڑیاں پھنسی ہوئی ہیں۔
یاد رہے کہ زمان جان، الطاف اور ابوالحسن کو کچھ دن قبل تربت سے لاپتہ کیا گیا جس کا الزام ان کے اہل خانہ نے ایک پریس کانفرنس کے دوران ڈسٹرکٹ کونسل کے چیئرمین میر ہوتمان پر لگایا اور کہا تھا کہ ان نوجوانوں کو اپنے گھر بلاکر بعدازاں اداروں کے حوالے کیا گیا انہوں نے انتظامیہ کو منگل تک ان نوجوانوں کی بازیابی کے لیے مہلت دی تھی جس کے بعد الطاف رہا کردیے گئے تاہم زمان جان اور ابوالحسن ابھی تک لاپتہ ہیں ۔