تربت (ہمگام نیوز) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک کی رپورٹ کے مطابق آپسر سے 6لاپتہ افراد کے فیملی ممبران نے مطالبہ کیاہے کہ ان کے پیاروں کو فوری بازیاب کیاجائے اگر ان میں سے کوئی کسی جرم میں ملوث ہے تو اسے قانونی طریقہ کارکے تحت عدالتوں میں پیش کیاجائے۔

 ان خیالات کااظہار آپسر بنڈے بن کی رہائشی خواتین نے پیر کے روز تربت پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

 انہوں نے کہاکہ 10دسمبر 2024ء کو تین بھائیوں حامد منظور، احسان منظور اور اتفاق منظورکو اٹھایا گیا جن میں حامد منظور اوراحسان منظور کو گھر سے جبکہ تیسرے بھائی اتفاق منظور کو گھر سے کھیتوں میں جاتے ہوئے اٹھایا گیا۔

 انہوں نے کہاکہ ہماری ماں معذور اور بچوں کے غموں سے نڈھال ہے جبکہ شمس الدین اسحاق کو 7جولائی 2021ء کو بازار سے اٹھایا گیا تھا اس کے علاوہ شہاب کو 17دن قبل اور وہاب کو5دن قبل مبینہ طورپرلاپتہ کردیاگیا ہے ہماری متعلقہ حکام سے اپیل ہے کہ انہیں فوری طورپر بازیاب کرکے منظرعام پرلایا جائے بصورت دیگر2دن گزرنے کے بعد ہم غیرمعینہ مدت کیلئے دھرنا دیں گے ۔