Homeخبریںجرمن مسافر طیارہ گر کر تباہ، 150 افراد ہلاک

جرمن مسافر طیارہ گر کر تباہ، 150 افراد ہلاک

پیرس(ہمگام نیوز) اسپین سے جرمنی جاتے ہوئے گر کر تباہ ہوجانے والے مسافر طیارے میں ڈیڑھ سو ہلاکتوں کی تصدیق کردی گئی۔

غیرملکی خبر رساں ادارے نے سیکیورٹی ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ جرمنی کی ایئرلائن لفتھانسا سے منسلک جرمن ونگز نامی کمپنی کا جہاز اسپین کے شہر بارسلونا سے جرمن شہر دوسلڈروف جا رہا تھا جو فرنچ الپس کے مقام پر گر کر تباہ ہوگیا جس سے اس میں سوار تمام 150 افراد ہلاک ہوگئے۔

فرانس کے جونئیر ٹرانسپورٹ وزیر نے ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حادثے کے شکار طیارے میں سوار کوئی مسافر بچ نہیں سکا۔

اے 320 طیارے میں 150 سے 180 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی کے حکام کا کہنا ہے کہ طیارے میں 144 مسافر اور عملے کے چھ افراد سوار تھے اور یہ پاکستانی وقت کے مطابق ڈھائی بجے دوپہر کو حادثے کا شکار ہوا۔

فرانسیسی صدر فرانکوئس ہولانڈ نے بھی ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ان میں جرمن، ہسپانوی اور ترک شہری سوار تھے۔

انکا کہنا تھا کہ طیارہ جہاں گر کر تباہ ہوا ہے وہاں تک رسائی کافی مشکل ہے اور امدادی ٹیموں کو وہاں پہنچنے کے لیے کئی گھنٹے درکار ہوں گے۔

Exit mobile version