شال (ہمگام نیوز ) بلوچ نیشنل موومنٹ کے مرکزی ترجمان نے سندھو دیش کے عظیم رہبر سائیں جی ایم سید کے 120 ویں یوم پیدائش پر اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ سائیں جی ایم سید سندھ کے عظیم مدبر رہنماء تھے جنھوں نے قومی آزادی کو سندھ کا حتمی منزل قرار دے کر جدوجہد کا آغاز کیا تھا ۔ آپ اپنے علمی تجزیے اور طویل سیاسی تجربے کی بنیاد پر اس نتیجے پر پہنچے کہ پاکستان ایک غیرفطری اور استعماری ریاست ہے جو محکوم اقوام کی سرزمین، تشخص،زبان، تہذیب و ثقافت کاخاتمہ کرکے انھیں اپنے دائمی غلامی میں رکھنا چاہتا ہے۔

 ترجمان نے کہا کہ سائیں جی ایم سید ایک عظیم مفکر، دوراندیش سیاسی رہنماء، باعمل عالم اور مصنف تھے جنھوں نے اپنی تمام تر صلاحیتں سندھی قوم اور سندھو دیش کے لیے وقف کرکے سندھو دیش کی تحریک آزادی کی بنیاد رکھی اور علمی اور سیاسی بنیاد پر قومی رہنمائی کا فریضہ سرانجام دیا ۔ آج سندھی قوم اپنے عظیم رہبر کے فلسفے پر گامزن ہے ۔

انھوں نے کہا پاکستان ایک ناسور ہے جس نے محکوم اقوم سے زندگی کا حق چھینا ہے جب تک پاکستان کے محکوم اپنے غلامی کا ادراک کرکے آزادی کی شاہراہ پر گامزن نہیں ہوں گے پاکستان اسی طرح ہماری سرزمین، تشخص، وسائل اور قومی بقا سے کھیلتا رہے گا۔

ترجمان نے کہا بلوچ نیشنل موومنٹ سائیں جی ایم سید کے 120 ویں سالگرہ کے موقع پر سندھی قوم کو یقین دلاتی ہے کہ بلوچ ہرقدم پر سندھو دیش کی آزادی کے لیے برسرپیکار قوتوں کی حمایت جاری رکھے گا اور ہر ممکن مدد کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔