کوئٹہ (ہمگام نیوز) بی ایل ایف کے ترجمان میجر گہرام بلوچ نے میڈیا اپنے ایک جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ کیچ کے علاقہ کہیر کور دشت میں قائم پاکستانی فوجی چوکی پر 25 جنوری 2022 بروز منگل شام چھ بجے بی ایل ایف کے سرمچاروں نے حملہ کیا،اس حملے میں دشمن فوج کے 17 اہلکار ہلاک ہوئے۔ ترجمان گہرام بلوچ نے کہا ہمارے سرمچاروں نے دشمن کا اسلحہ اور دیگر فوجی ساز و سامان قبضہ میں لے کر چوکی کو نذر آتش کردیا اور قابض دشمن کے خلاف اس حملے میں بی ایل ایف کا ایک سرمچار ممتاز بلوچ عرف بالاچ دشمن کے خلاف بہادری سی لڑتے ہوئے شہید ہوئے۔ میجر گہرام بلوچ نے حملے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ منگل کی شام چھ بجے بی ایل ایف کے سرمچاروں نے کہیر کور دشت میں قائم ریگولر آرمی کی چوکی پر حملہ کیا۔ انہوں نے کہا دوران حملہ چوکی میں موجود 13 فوجی اہلکار ہلاک ہوئے اور ایک بھاگنے میں کامیاب ہوا۔ گہرام بلوچ نے کہا فوجیوں کی کمک کیلئے چوکی کی جانب آنے والے فوجی قافلہ کے دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار فوجی اہلکاروں کو بھی نشانہ بنا کر ہلاک کیا۔ انہوں نے کہا بی ایل ایف کے اس حملے میں قابض فوج کے کل 17 فوجی اہلکار ہلاک ہوئے ہیں۔ ترجمان گہرام بلوچ نے کہا اس کامیاب حملہ کے بعد بی ایل ایف کے سرمچاروں نے فوجی چوکی میں موجود قابض ریاستی فوج کے تمام ہتھیاروں و دیگر فوجی سازو سامان کو قبضہ میں لے کر چوکی کو آگ لگادی، دشمن کا ضبط شدہ اسلحہ اور اپنے ساتھی سرمچار ممتاز عرف بالاچ کے جسد خاکی کو ساتھ لیتے ہوئے اپنے محفوظ ٹھکانوں پر پہنچ گئے اور گزشتہ رات ہی شہید ممتاز کو مادر وطن کی آغوش میں سپرد خاک کیا۔ میجر گہرام بلوچ نے شہید سرمچار ممتاز بلوچ عرف بالاچ کو ان کی بہادری، قوم دوستی وطن دوستی اور عظیم قربانی پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے مِشن کو جاری رکھنے اور بلوچستان کی آزادی تک قابض پاکستانی فوج اور طاقت کے دیگر ستونوں پر حملے جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا.