راسک (ہمگام نیوز ) اطلاعات کے مطابق بروز جمعہ کو راسک میں واقع سیہ سنٹ کے سرحدی علاقے میں قابض ایرانی آرمی آئی آر جی سی اہلکاروں نے متعدد ایندھن بردار گاڑیوں پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک بلوچ تیلکش شہید ہوگیا ۔

تفصیلات کے مطابق ایرانی مقبوضہ بلوچستان کے شہر راسک کے علاقے سیاہ سنٹ میں قابض ایرانی آرمی آئی آر جی سی کے اہلکاروں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے اس بلوچ تیلکش کی شناخت محسن مزارزہی آسکانی ولد قادر بخش جو کہ مہگس کا رہائشی بتایا جاتا ہے۔

  رپورٹ کے مطابق صبح آئی آر جی سی فورسز نے راسک شہر کے سرحدی علاقے سیہ سنٹ میں متعدد تیلکشوں پر اندھا دھند اور براہ راست فائرنگ کی جس سے محسن کو پیشانی میں گولی لگی اور وہ شہید ہوگیا ۔

 یہ امر قابل ذکر ہے کہ محسن کی لاش کے ساتھ بلوچ سوختبران جمع ہوئے اور اس کی لاش لے کر تھانے کے سامنے احتجاج کیا تاہم تھانے کے اہلکاروں نے کوئی جواب نہیں دیا۔

 واضح رہے کہ جمع کی گئی سالانہ رپورٹ کے مطابق 2023 سے لیکر تاحال 321 بلوچ سوختبران قابض ایرانی فوجی اہلکاروں کی براہ راست فائرنگ، سڑک حادثات، نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ، سیلاب اور آگ لگنے سے شہید اور زخمی ہوئے۔