زھک( ہمگام نیوز ) اطلاعات کے مطابق زھک کے علاقے جریکہ میں قابض ایرانی بارڈر فورسز کی براہ راست فائرنگ سے بغیر شناختی کارڈ کے ایک نوجوان بلوچ شہری شہید ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق زھک کے علاقے جریکہ میں قابض ایرانی بارڈر فورسز کی براہ راست فائرنگ سے شہید ہونے والے شہری کی شناخت 20 سالہ نجیب گورگیج ولد نہال ہے جوکہ جریکہ زھک کا رہائشی بتایا جاتا ہے۔
مزید رپورٹ کے مطابق نجیب زھک کے سرحدی علاقے کی جانب سے اپنے گھر واپس آرہا تھا کہ جریکہ چوکی کے فورسز نے بغیر رکے اور خبردار کیے پیچھے سے فائرنگ کی چار گولیاں لگنے سے وہ جان کی بازی ہار گیا۔
واضح رہے کہ نجیب اپنی والدہ اور خاندان کا کفیل اور واحد کمانے والا تھا۔ اس نے کام اور کھیتی باڑی کرکے اپنے خاندان کے اخراجات پورے کئے۔ وہ برتھ سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کے لیے کئی سال تک بھاگ دوڑ کرتا رہا لیکن وہ کبھی ایرانی برتھ سرٹیفکیٹ حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوا۔
دیہاتیوں کے مطابق اس گاؤں اور آس پاس کے دیہاتوں میں بہت سے ایسے بلوچ شہری ہیں جو پیدائشی سرٹیفکیٹ نہ ہونے کی وجہ سے اپنے بنیادی حقوق سے محروم ہیں اور بچے پیدائشی سرٹیفکیٹ نہ ہونے کی وجہ سے تعلیم حاصل نہیں کر پاتے اور انہیں زندگی میں بہت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
2023 میں جمع کی گئی رپورٹس کے مطابق، قابض ایرانی فورسز کی براہ راست فائرنگ سے کم از کم 120 بلوچ شہری شہید اور زخمی ہوئے ہیں۔ ان واقعات میں 80 افراد جان کی بازی ہار گئے اور 40 افراد زخمی ہوئے جن میں 9 بچے اور 3 خواتین شامل ہیں۔














