Homeخبریںسانحہ ڈنُّک اور شہید ملک ناز و برمش کو انصاف کی فراہمی...

سانحہ ڈنُّک اور شہید ملک ناز و برمش کو انصاف کی فراہمی کے لئے احتجاج کا سلسلہ جاری، آج کراچی، سُربندر، آواران اور رکنی میں احتجاج ہوا

کراچی/رکنی/آواران/سُربندر (ہمگام نیوز) سانحہ ڈنُّک جس میں بلوچ شیر زال ملک ناز شہید اور ان کی چار سالہ بیٹی زخمی ہوئی تھیں کے خلاف اور ماں بیٹی کو انصاف کی فراہمی کےلئے بلوچستان بھر میں احتجاج کا جو نہ ختم ہونے والا سلسلہ شروع ہوا تھا تاحال اُسی تسلسل اور شدت سے اب بھی جاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق آج بھی بلوچستان کے مختلف علاقوں کے علاوہ کراچی میں بھی احتجاج ہوا۔

بلوچستان میں یہ احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں آواران، سُربندر اور رکنی میں منعقد ہوئے جبکہ دوسری جانب پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں بھی ایک بہت بڑے عوامی مظاہرے کا انعقاد کیا گیا۔

ان مظاہروں میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی اور برمش کو انصاف دو کے علاوہ بلوچستان میں ڈیتھ اسکواڈ و پرائیویٹ لشکروں کے خاتمے کا بھی مطالبہ دھرایا گیا۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ تربت پولیس کا دعویٰ ہے کہ ہم نے سمیر سبزل کو گرفتار کیا ہے اور ساتھ ہی وہ یہ کہتے ہیں کہ اس پر فرد جرم اس وقت عائد کی جائیگی جب تفتیش مکمل ہوجائیگی جس سے ہمارے خدشات میں مزید اضافہ ہورہا ہے کہ سمیر سبزل کو بھی راؤ انوار کی طرح کچھ وقت کے بعد آزاد چھوڑ دیا جائے گا۔ لیکن یہ بات ذہن نشین کی جائے کہ اگر ایسا کچھ کرنے کی کوشش کی گئی تو ہمارے احتجاج کا سلسلہ مزید سخت اور وسیع ہوجائے گا۔

Exit mobile version