نصیر آباد (ہمگام نیوز )مانیٹرنگ نیوز ڈیسک کی رپورٹ کے مطابق تمبو کے سیلاب متاثرین شہزادہ عمرانی، جاوید احمد، محمد یوسف و دیگر نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحصیل تمبو میں گزشتہ سال آنے والے سیلاب میں سب سے زیادہ متاثر ہونے والے یونین کونسل عبداللہ باڑی اور اللہ آباد کے سیلاب متاثرین تاحال سرکاری و غیر سرکاری تنظیموں کے امداد سے محروم ہیں۔

 ہمارے علاقوں کو سیاسی بنیادوں پر انتظامیہ کی جانب سے مکمل طور پر نظر انداز کیا گیا ہے سابق ڈپٹی کمشنر نے سیاسی سفارش پر ایک نااہل شخص ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر عابد رند کو اپنا فوکل پرسن لگا دیا جس کے بعد اس نااہل اور سفارشی نے تمام غیر سرکاری تنظیموں پر اپنا روب جھاڑنا شروع کیا اور آدھا تیرا آدھا میرا پالیسی کے تحت کام کرنے پر مجبور کیا جس کی وجہ سے 70فیصد تنظیموں نے نصیرآباد میں اپنے پروجیکٹس بند کر کے چلے گئے لیکن انتہائی افسوس کی بات ہے کہ موجودہ ڈپٹی کمشنر صاحبہ بھی اس نااہل شخص کے خلاف قانونی کارروائی کرنے سے قاصر نظر آتی ہیں جو قابل مذمت عمل ہے ۔

 ہم کمشنر نصیر آباد سے پر زور مطالبہ کرتے ہیں کہ عابد رند کو فوری طور پر اس کے عہدے سے ہٹا کر کسی ایماندار اور انسان دوست شخص کو این جی اوز کا کمانڈ دیا جائے تاکہ سیلاب متاثرین کی بحالی ممکن ہو سکے۔بصورت دیگر سخت احتجاج کیا جائے گا ۔