موغادیشو (ہمگام نیوز) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک کی رپورٹ کے مطابق صومالیہ میں ملکی پارلیمنٹ کو اس وقت ایک مارٹر سے حملے کا نشانہ بنایا گیا، جب وہاں نو منتخب اراکین پارلیمان ایک اجلاس میں مصروف تھے۔
میڈیارپورٹس کے مطابق حکام اور عینی شاہدین نے بتایاکہ یہ حملہ پارلیمانی عمارت کے احاطے کے اندر کیا گیا، جس کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان تو نہ ہوا تاہم متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ اس حملے کی ذمے داری دہشت گرد نیٹ ورک القاعدہ سے تعلق رکھنے والے عسکریت پسند گروپ الشباب نے قبول کر لی ، جو گزشتہ ایک دہائی سے موغادیشو میں صومالی حکومت کے خلاف مسلح کارروائیاں کر رہا ہے۔ یہ حملہ ایک ایسے وقت پر کیا گیا، جب صومالیہ میں نئے ملکی صدر کا انتخاب مکمل کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔