دوحہ (ہمگام نیوزڈیسک)افغانستان میں قیام امن کے لیے امریکہ کے خصوصی نمائندے زلمے خلیل زاد اور افغان طالبان کے ایک بانی رہنما ملا عبدالغنی برادر کی قطر میں مذاکرات کے نئے دور سے پہلے ملاقات ہوئی ہے۔ یہ ان دونوں کی پہلی ملاقات تھی۔ افغان طالبان اور امریکہ کے درمیان امن مذاکرات کا پانچواں دور خلیجی ریاست قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ہورہا ہے۔ افغان طالبان کی طرف سے گذشتہ دنوں جاری کردہ ایک اعلامیہ میں امریکہ سے بات چیت کے لیے 14 رکنی مذاکراتی ٹیم کا اعلان کیا گیا تھا جن میں اکثریت کا تعلق قطر کے سیاسی دفتر سے بتایا گیا ہے۔ اس اعلامیہ میں قطر دفتر کی سربراہی ملا عبد الغنی برادر کی سپرد کی گئی تھی۔