انسان کی زندگی ہمیشہ دو قوتوں کے درمیان جھولتی ہے: ایک وہ جو اسے سکون دیتی ہے اور دوسری وہ جو اسے بے سکون کرتی ہے۔ سکون کا سرچشمہ عاطفے ہیں، اور بے سکونی کا سرچشمہ شعور۔ عاطفے انسان کو نرم رکھتے ہیں مگر شعور اسے بیدار رکھتا ہے۔ جب یہ دونوں قوتیں ایک دوسرے سے الگ ہوجائیں تو معاشرہ بیمار ہو جاتا ہے۔ محبت بغیر انصاف کے اندھی وابستگی ہے، اور انصاف بغیر قربانی کے محض نعرہ یہی وہ لمحہ ہے جہاں سے انقلاب کا آغاز ہوتا ہے۔ اکثر ظالم طاقتیں انقلاب کو انتشار کا نام دیتی ہیں۔ وہ اسے شورش، بغاوت یا جرم کہہ کر کمزور کرنے کی کوشش کرتی ہیں۔ مگر دراصل انقلاب ایک بکھرے ہوئے نظام کو ترتیب دینے کی جدوجہد ہے۔ یہ انتشار نہیں بلکہ وہ اجتماعی نظم ہے جو نئے اصولوں پر قائم ہوتا ہے۔ یہ صرف تخت اور تاج کی تبدیلی نہیں بلکہ سوچ کی تبدیلی ہے۔ معاشرے کی بنیادوں میں جو زنگ لگ جائے، انقلاب اسی زنگ کو کاٹنے کے لئے آتا ہے۔ انسان کا اصل امتحان یہ نہیں کہ وہ اپنی ذاتی خوشی کے لئے کیا کرتا ہے، بلکہ یہ ہے کہ وہ دوسروں کے دکھ پر کیسے ردعمل دیتا ہے۔ اگر کسی کے پڑوس میں آگ لگی ہو اور وہ اپنے گھر کی کھڑکی بند کرلے تو وہ براہِ راست آگ لگانے والا نہ سہی، لیکن اس آگ کو بڑھنے کا موقع ضرور دے رہا ہے۔ ظلم کے خلاف خاموش رہنا بھی یہی عمل ہے۔ یہ وہ جرم ہے جو نہ صرف ظالم کو مضبوط کرتا ہے بلکہ مظلوم کو تنہا بھی چھوڑ دیتا ہے۔ انقلاب ہمیشہ خون مانگتا ہے، لیکن خون ہی اس کی واحد غذا نہیں۔ کبھی قربانی وقت کی ہوتی ہے، کبھی علم کی، کبھی سکونِ ذات کی۔ ایک استاد جو پابندی کے باوجود بچوں کو تاریخ پڑھاتا ہے، وہ بھی انقلابی ہے۔ ایک ماں جو اپنے گمشدہ بیٹے کی تصویر اٹھا کر سڑک پر کھڑی ہوتی ہے، وہ بھی قربانی دے رہی ہے۔ اور ایک نوجوان جو خوف کے ماحول میں بھی سچ بولتا ہے، وہ بھی انقلاب کی بنیاد رکھ رہا ہے۔ انقلاب چھوٹے چھوٹے عملوں سے پروان چڑھتا ہے اور پھر ایک دن بڑے طوفان میں ڈھل جاتا ہے۔ انقلاب نفرت سے نہیں بلکہ انصاف سے پروان چڑھتا ہے۔ اگر اس کی بنیاد صرف انتقام ہو تو وہ ایک نیا ظلم جنم دیتا ہے۔ لیکن اگر اس کی بنیاد عدل پر ہو تو وہ ایک نئی انسانیت کو جنم دیتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ حقیقی انقلاب کے بعد معاشرے میں صرف تخت نہیں بدلتے بلکہ سوچ بدلتی ہے، اقدار بدلتے ہیں اور انسان کا مقام بحال ہوتا ہے۔ بلوچستان اس سچائی کی ایک زندہ مثال ہے۔ یہاں صدیوں پرانا دکھ ہے، وسائل کی لوٹ ہے، شناخت پر قدغن ہے، اور سب سے بڑھ کر انسانوں کی جبری گمشدگی ہے۔ اس سرزمین کے ہر کونے میں ایک صدا ہے، جو کہتی ہے کہ ظلم اب اور برداشت نہیں ہوگا۔ یہاں کا انقلاب نفرت کا شعلہ نہیں بلکہ انصاف کی تلاش ہے۔ یہ ان نوجوانوں کی للکار ہے جنہیں جبر نے خاموش کرنا چاہا مگر وہ خاموش نہ ہوئے۔ یہ ان عورتوں کی آہ ہے جو اپنے لاپتہ بیٹوں کے لئے جدوجہد کر رہی ہیں۔ انقلاب کا مقصد صرف پرانا نظام توڑنا نہیں بلکہ نیا نظام قائم کرنا ہے۔ ایسا نظام جہاں خوف کی جگہ اعتماد ہو، غلامی کی جگہ اختیار ہو، اور ناانصافی کی جگہ عدل ہو۔ یہ وہ دن ہوگا جب ایک بلوچ بچہ اپنے اسکول میں اپنی زبان اور تاریخ پڑھ سکے گا۔ جب کسان اپنی زمین سے حاصل شدہ دولت پر خود فیصلہ کرے گا۔ جب عورت اپنی آواز کو کمزوری نہیں بلکہ طاقت سمجھے گی۔ اور جب کوئی انسان صرف اس لئے لاپتہ نہیں ہوگا کہ وہ سوال پوچھتا ہے۔ ہمیں یہ سمجھنا ہوگا کہ انقلاب کسی خواب یا جذباتی لمحے کا نام نہیں۔ یہ ایک مسلسل جدوجہد ہے، جس میں صبر بھی چاہیے اور شعور بھی، قربانی بھی اور تنظیم بھی۔ یہ راستہ طویل ہے، مگر یہی راستہ انسان کو اس کی اصل پہچان اور وقار تک لے جاتا ہے۔ انقلاب انتشار نہیں، انقلاب انسانیت کی معراج ہے۔