ہلسنکی:(ہمگام نیوز ) فری بلوچستان موومنٹ (فن لینڈ برانچ) نے اعلان کیا ہے کہ وہ 27 مارچ 2026 کو ہلسنکی میں “یومِ پاکستانی قبضۂ بلوچستان” کے موقع پر ایک پُرامن اور باوقار تقریب کا انعقاد کرے گی۔ اس تقریب کا مقصد 27 مارچ 1948 کو بلوچستان کے پاکستان کے ساتھ الحاق کے تاریخی پس منظر کو اجاگر کرنا اور اس حوالے سے اپنے مؤقف کو عالمی برادری کے سامنے پیش کرنا ہے۔

تنظیم کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ 27 مارچ 1948 بلوچستان کی تاریخ کا ایک اہم اور فیصلہ کن دن ہے۔ اعلامیے کے مطابق، اس تاریخ کو بلوچستان کی سیاسی حیثیت میں بنیادی تبدیلی رونما ہوئی، جسے میں بلوچستان پر قبضہ کی گئی۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ بلوچ عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے اپنے سیاسی، سماجی اور انسانی حقوق کے تحفظ اور آزادی کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔

فری بلوچستان موومنٹ (فن لینڈ برانچ) کا کہنا ہے کہ اس دن کی مناسبت سے منعقد کی جانے والی تقریب کا مقصد عالمی سطح پر آگاہی پیدا کرنا، انسانی حقوق کی صورتحال پر توجہ دلانا اور اپنے سیاسی مؤقف کو پُرامن انداز میں ریکارڈ کرانا ہے۔

تنظیم نے تمام بلوچ افراد، انسانی حقوق کے کارکنان، دانشوروں، صحافیوں اور انصاف و آزادی کے حامی حلقوں سے شرکت کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی موجودگی یکجہتی اور حمایت کا مظہر ہوگی اور اس سے بلوچ عوام کی آواز کو بین الاقوامی سطح پر تقویت ملے گی۔

تقریب کی تفصیلات حسبِ ذیل ہیں:

تاریخ: 27 مارچ 2026

مقام: ایتاکیسکُس لائبریری، ہلسنکی، فن لینڈ

 وقت: شام 4 بجے تا 6 بجے

اعلامیے کے اختتام پر کہا گیا ہے کہ یہ اجتماع بلوچ قوم کے مطالبات اور انصاف کی جدوجہد کے اعادہ کا عزم ہوگا۔