کراچی (ہمگام نیوز) پولیس ذرائع کے مطابق سندھ کے علاقے خیرپور میں ماہ رنگ بلوچ پر ایف آئی آر درج کرنے والے پولیس افسر کو معطل کردیا گیا ہے۔ پولیس افسر کی معطلی کی خبر اس وقت سامنے آئی جب بلوچ خاتون رہنماءکے خلاف کیس دائر کرنے پر سندھ پولیس کو سندھی نوجوانوں اور سیاسی حلقوں کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ صحافی کے مطابق پولیس نے معطلی پر اپنے بیان میں ردوبدل کردیا ہے، تاہم اصل وجہ ڈاکٹر مہرنگ بلوچ کے خلاف درج ایف آئی آر معلوم ہوتی ہے۔
واضح رہے گزشتہ روز لوگوں کو ریاست اور فوج کےخلاف اکسانے کے الزام میں اسلام آباد میں احتجاجی مظاہرے کی قیادت کرنے والی بلوچ یکجہتی کمیٹی کی رہنما ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کیخلاف سندھ کے شہر خیرپور تھانہ وڈا ماچھیوں پر سب انسپکٹر کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا تھا۔ پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ کے بعد سندھ سمیت دنیاءبھر سے سیاسی و انسانی حقوق کے کارکنان نے اس عمل کی مذمت کرتے ہوئے سندھ پولیس اور حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا، جس کے بعد پولیس افسر کو معطل کردیا گیا ہے۔