Homeخبریںوائس فار بلوچ مسسنگ پرسنز کی جانب سے کوئٹہ پریس کلب کے...

وائس فار بلوچ مسسنگ پرسنز کی جانب سے کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ

کوئٹہ ( ہمگام نیوز ) وائس فار بلوچ مسسنگ پرسنز کی کال پہ آج شام کوئٹہ پریس کلب کے سامنے ایک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرے کا بنیادی مقصد بلوچستان میں ایک دفعہ پھر جبری گمشدگیوں میں شدت کے خلاف آواز اٹھانا تھا

وی بی ایم پی کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں طالبعلموں اور نوجوانوں کی جبری گمشدگیوں میں تیزی آئی ہے، گزشتہ تین چار دنوں کے دوران بلوچستان کے مختلف علاقوں سے دو درجن کے قریب لوگوں کو غیر قانونی حراست میں لینے کے بعد لاپتہ کردیا گیا ہے جن میں سے بیشتر طالب علم اور نوجوان ہیں، جبکہ گزشتہ دنوں فورسز نے رات گئے تنظیم کے ریسرچ آرڈینیٹر حوران بلوچ گھر پہ دھاوا بول دیا اسکے گھر والوں کو ھراساں کیا گیا، ان کا کہنا تھا کہ ہم واضع بتانا چاہتے ہیں کہ اس طرح کے اوچھے ہتھکنڈوں سے ہم اپنے پر امن جدوجہد سے پیچھے نہیں ہٹیں گے،

ان کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ دنوں خضدار میں لاپتہ رشید بلوچ اور آصف بلوچ کی ہمشیرہ سائرہ بلوچ کے گھر موت کی پرچیاں پھینک کر انہیں دھمکایا گیا، ان تمام واقعات کے خلاف آج وی بی ایم پی احتجاج کرنے نکلی ہے –

مظاہرے میں وی بی ایم پی کے رہنماؤں سمیت، سیگر سیاسی اور سماجی کارکنان اور بلوچ لاپتہ کے لواحقین نے بھی شرکت کی

اس موقع پر کوئٹہ سے دوسری دفعہ لاپتہ فیاض علی کی بیوی نرگس فیاض بھی شریک تھیں، جنہوں نے اپنے شوہر کی بازیابی کا مطالبہ کیا اور کہا کہ انہیں بتایا جائے کہ علی کے ابو کہاں ہیں؟ وہ ننھے علی کو کیا جواب دیں جب وہ رو رو کر اپنے ابو کا پوچھتے رہتے ہیں، وہ انصاف کیلئے جائیں تو کہاں جائیں، انہیں مسلسل تنگ کرکے انکی زندگی کو اجیرن بنا دیا گیا ہے –

Exit mobile version