وندر ( ہمگام نیوز) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک کی رپورٹ کے مطابق وندر کے ساحلی علاقہ ڈام بندر میں ماہی گیروں کے رہائشی کواٹر ز میں آتشزدگی ۔ کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی تاہم درجنوں کواٹرز اور سامان جل کر خاکستر ہو گیا ۔   واقعہ کی اطلاع ملنے پر وندر سے پہنچنے والی فائر بریگیڈ گاڑی کے عملے نے آگ پر قابو پانے کی کوشش شروع کر دی ۔ واضح رہے کہ ڈام بندر سے سمندر میں مچھلی کے شکار پر جانے والے مزدور (خلاصی)ماہی گیروں کے رہائشی کواٹرز میں جمعہ کی صبح کو اچانک آگ بھڑک اٹھی جسے وہاں پر موجود مقامی افراد نے اپنی مدد آپ بجھا دیا تاہم دوپہر کے وقت ایک مرتبہ پھر آگ بھڑک اٹھی جس نے درجنوں رہائشی کواٹرز جو کہ جھونپڑی نما لکڑی اور دیگر مٹیریل سے تعمیر شدہ ہیں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔   مقامی افراد کا کہنا ہے کہ وہ اپنی مدد آپ آگ پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں تاہم آگ کی شدت زیادہ ہونے کی وجہ سے وندر سے فائر بریگیڈ گاڑی طلب کی گئی جسکے عملے نے پہنچ کر آگ پر قابو پانے کی کوششیں شروع کر دیں۔