شال (ہمگام نیوز ) پاکستانی مقبوضہ بلوچستان میں  جیش العدل کے رہنما اور اسکے ساتھیوں کو ایک حملے میں ہلاک کرنے کے ایرانی دعوے کے بعد پاکستان نے اس کارروائی کی تردیدکی ہے۔

 بروز ہفتہ کو ایرانی میڈیا نےدعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کے مقبوضہ بلوچستان میں ایرانی فورسز نے کارروائی کرکے جیش العدل کے سرغنہ اسماعیل شاہ بخش اور ساتھیوں کو ماردیا گیا ہے۔

ایرانی میڈیا کے دعوے کے مطابق اسماعیل شاہ بخش ایران میں تخریب کاری حملوں کا ملزم تھا۔

ایرانی حملے کے بعدپاکستان کے دفتر خارجہ کے ذرائع نے بلوچستان میں ایرانی فورسز کی کارروائی کو گمراہ کن پروپیگنڈا قرار دیا ہے۔

 دفتر خارجہ کے ذرائع کے مطابق نہ ایسا کوئی واقع پیش آیا، نہ سرکاری ایرانی میڈیا نے اسے رپورٹ کیا۔

خیال رہے کہ ایران و پاکستان کے زیر قبضہ صوبوں مغربی ومشرقی بلوچستان میں دونوں ممالک کی فوجیں ایک دوسرے کی منشاو رضا سے دہشتگردی کے خاتمے کے نام پر دونوں اطراف اندرگھس کر سول انسانی آبادیوں کو نشانہ بناکر بلوچ نسل کشی کے ایک بڑے ایجنڈے پر کار فرما ہیں۔

گذشتہ ماہ پاکستانی مقبوضہ بلوچستان کے علاقے پنجگور میں سبزکوہ کےمقام پر ایرانی فورسز نے میزائل داغے جس سے 2 بلوچ بچے شہید اوربعض افراد زخمی ہوئے ۔ایران نے دعویٰ کیا کہ جیش العدل کے ٹھکانوں پر حملے کیے گئے ۔

ایرانی حملے کے دو تین دن بعد پاکستان نے ایران کے زیر قبضہ بلوچستان میں ایک آبادی کو نشانہ بنایا جس سے 10 بلوچ خواتین و بچے مارے گئے ۔حملے بعد پاکستان نے دعویٰ کیا کہ ایران میں بلوچ سرمچاروں کے ٹھکانوں پر حملہ کرکے متعدد سرمچار ہلاک کردیے ۔