- الحاج نے آخر میں کہاہے کہ ہم تمام فریقوں سے یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ جنگ اور تشدد کے بجائے، فہم و حکمت، مذاکرات اور سفارتکاری کا راستہ اپنایا جائے تاکہ ہمارا خطہ خونریزی اور دشمنی سے نکل کر پائیدار امن، استحکام اور انسانیت کے ہم آہنگی کی طرف گامزن ہو سکے۔
شال ( ہمگام نیوز ) رئیس کونسل آف بلوچ آف افغانستان الحاج سینیٹر محمد نادر بلوچ نے جاری بیان میں کہاہے کہ پاکستان کے فوجیوں کا افغانستان پر حملہ، ہمسائیگی کی تاریخ میں ایک بدنما داغ ہے ۔
جبکہ افغان عوام جنگ، تباہی اور بے گھر ہونے سے تھک چکے ہیں اور امن و سکون کی آرزو رکھتے ہیں، پاکستان کی فوج کا افغانستان کی مقدس سرزمین پر حملہ تمام انسانی، اسلامی اور ہمسایہ داری کے اصولوں کی کھلی بے حرمتی ہے۔
انھوں نے کہاہے کہ افغانستان کبھی بھی جنگ کا آغاز کرنے والا ملک نہیں رہا، مگر تاریخ گواہ ہے کہ کوئی بھی طاقت افغان قوم کی غیرت، عزم اور آزادی کو شکست نہیں دے سکی۔ افغان ملت ہر قسم کی جارحیت کے سامنے ایمان اور ثابت قدمی سے کھڑی رہی ہے اور اس بار بھی وہ اپنی سرزمین اور عزت کے دفاع میں اسی شان و عظمت سے میدان میں اترے گی۔
انھوں نے مزید کہاہے کہ کونسل آف بلوچ آف افغانستان اس جارحانہ فوجی حملے کی شدید مذمت کرتی ہے اور اقوام متحدہ اور عالمی اداروں سے اپیل کرتی ہے کہ اس قسم کی دشمنانہ کارروائیوں کو روکنے کے لیے فوری اور مؤثر تدابیر اختیار کی جائیں۔















