کوئٹہ (ہمگام نیوز) بلوچستان لبریشن فرنٹ بی ایل ایف کے ترجمان میجر گہرام بلوچ نے جاری بیان میں کہاہے کہ سرمچاروں کے ایک دستہ نے 03 نومبر 2023 بروز جمعہ دوپہر دو بجے کے قریب کوسٹل ہائی وے پر ضلع گوادر کے تحصیل پسنی میں بدوک کے مقام پر قابض پاکستانی فوج کی دو گاڑیوں پر مشتمل قافلے پر گھات لگا کر حملہ کیا۔

انھوں نے کہاہے کہ گاڑیوں پر سرمچاروں نے قریب سے راکٹ لانچر کے گولے فائر کئے اور جدید ہتھیاروں سے شدید فائرنگ کی۔ اس سے دشمن فوج کی دونوں گاڑیاں مکمل تباہ اور گاڑیوں میں سوار 14 پاکستانی فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔ راکٹ کے گولے اور آتشی گولیاں لگنے سے دشمن فوج کی گاڑیوں نے آگ پکڑ لی۔ آگ پھیلنے سے پہلے ہی بی ایل ایف کے سرمچاروں نے ہلاک شدہ فوجیوں کا کچھ اسلحہ اپنے قبضہ میں لے لیا۔

ترجمان نے کہاہے کہ ہمیں پورا یقین ہے کہ جلد یا بدیر قابض پاکستان قومی آزادی کے لیے بلوچ قومی عزم اور جدوجہد کے آگے تھک ہار کر بھاگ نکلنے پر مجبور ہوگا۔ ہماری کارروائیاں بلوچستان کی آزادی تک جاری رہیں گے۔

انھوں نے کہاہے کہ ہم ہمسایہ ممالک و اقوام سمیت پوری دنیا کو یاد دلانا چاہتے ہیں کہ بلوچستان 1947 میں نہ برطانیہ کے تقسیم ہند منصوبہ میں شامل تھا اور نہ پاکستان کا حصہ تھا بلکہ ایک آزاد ملک تھا جس پر پاکستان نے مارچ 1948 میں برطانیہ کی شہہ پر جبری قبضہ کیا۔ نوآبادیاتی غلامی کی اس لعنت کے خلاف بلوچ قوم اس وقت سے آزادی کی تحریک چلا رہی ہے۔ اس تحریک میں بلوچ قوم کو عالمی برادر کی جانب سے مدد و حمایت کرنا چاہیئے۔