لندن (ہمگام نیوز) ممتاز بلوچ قومی رہنما اور فری بلوچستان مومنٹ کے سربراہ حیربیارمری نے سوشل میڈیا ایکس پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ توسیع پسند چینی سامراج کی حکم پر پاکستان کی جانب سے بلوچوں اور پشتونوں کے خلاف ایک نیا فوجی آپریشن کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے جسے عزم استحکام کا نام دیا گیا ہے۔

بلوچ قومی رہنما نے مزید کہا ہے کہ یہ آپریشن چین اور پنجاب کی بلادستی کو قائم کرنے اور بلوچ و پشتون عوام کو زیر کرنے کیلئے لانچ کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم بلوچوں کے پاس مٹھی بھر خائن اور منحرفین ہیں لیکن پشتون قوم سے ہزاروں کی تعداد میں لوگ رضاکارانہ طور پر فوج میں بھرتی ہوئے ہیں اور پھر پنجابیوں کے ذریعے اپنے ہی پشتونوں کو مارنے کے لیے استعمال ہوتے آئے ہیں۔ بلوچ قومی رہنما حیربیارمری نے پشتون قوم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ وہ پنجابی مفادات کی خدمت کرنے کے بجائے اپنے مادر وطن پشتونستان کی حفاظت کریں۔

پنجاب کی نئی خونریز پالیسی کے حوالے بلوچ قومی رہنما نے کہا کہ ’’عزم استحکام‘‘ نامی اس فوجی آپریشن سے پنجابی بالادستی کو فائدہ پہنچے گا، لیکن بلوچستان اور پشتونستان میں افراتفری اور موت آئے گی۔

چند ڈالروں کے عوض پنجابی فوجی حکام وقتی طور پر بلوچ اور پشتون نسل کشی پھیلانے کی خاطر چین کی حکم کا تعمیل کر رہے ہیں لیکن یہ خون ریزی پنجاب کی نئی نسل کیلئے ایک مستقل روگ ہوگی۔ بلوچ اور پشتون اسے ہمیشہ یاد رکھیں گے۔