لندن ( ہمگام نیوز) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک کی رپورٹ کے مطابق برطانیہ میں دو ٹرینیں آپس میں ٹکرا گئیں، حادثے میں سترہ افراد زخمی ہو گئے۔واقعہ سیلسبری کے قریب ریلوے ٹنل میں پیش آیا، ٹرین کسی چیز سے ٹکرا کر پٹڑی سے اتر گئی، سگنل کا نظام متاثر ہونے کے باعث حادثہ پیش آیا، واقعے میں 16 افراد زخمی ہو گئے۔ ایک ٹرین کا ڈرائیور بھی شدید زخمی ہوا ہے جس کو دیگر زخمیوں کے ساتھ ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ایک خاتون مسافر نے بتایا کہ حادثے کے دوران ہر طرف اندھیرا چھا گیا، ٹرین بری طرح ہچکولے کھا رہی تھی جس کے سبب لوگ حواس باختہ ہو گئے۔ امدادی کارکنوں نے ٹرینوں کی ٹکر کو بڑا حادثہ قرار دیا، شہری انتظامیہ نے پولیس کی مدد کیلئے ہیلی کاپٹر بھی روانہ کئے جنہوں نے امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا۔