Homeخبریںبلوچستان میں ایک دہائی میں 542 پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے

بلوچستان میں ایک دہائی میں 542 پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے

ہمگام نیوز۔ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ اور تربت شہر میں فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں ایک پولیس کانسٹیبل سمیت دو افراد ہلاک ہوگئے جبکہ پنجگور سے ایک شخص کی تشدد زدہ لاش ملی ہے ۔

پولیس ذرائع کے مطابق گزشتہ ایک دہائی کے دوران ان واقعات میں کوئٹہ اور بلوچستان کے دیگر علاقوں میں اب تک 542 پولیس اہلکار ہلاک اور 447 اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔

پولیس اہلکار کی ہلاکت کا واقعہ کوئٹہ شہر کےعلاقے سریاب میں پیش آیا۔ کوئٹہ پولیس کے مطابق بلوچستان کانسٹیبلری سے تعلق رکھنے والے ایک ہیڈ کانسٹیبل صبح گھر سے ڈیوٹی کے لیے جارہے تھے کہ کیچی بیگ کے علاقے میں نامعلوم مسلح افراد نے انہیں فائرنگ کر کے ہلاک کیا۔

ایک اور واقعہ تربت میں پیش آیا جہاں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوا۔ جس کا تعلق خیبر پختونخوا کے علاقے چارسدہ سے بتایا جاتا ہے۔تربت پولیس نے ایک اہلکار نے بتایا کہ یہ ٹارگٹ کلنگ کا واقعہ ہے۔

ادھر ضلع پنجگور کے علاقے گچک سے ایک شخص کی تشددزدہ لاش ملی ہے۔ لاش پنجگور سے تعلق رکھنے والے مقامی شخص امان اللہ کی ہے جسے چند روز بیشتر نامعلوم افراد نے اغوا کیا تھا۔ امان اللہ کو ہلاک کرنے کی ذمہ داری کالعدم عسکریت پسند تنظیم بلوچستان لبریشن فرنٹ نے قبول کی ہے ۔ تنظیم کے ترجمان نے اپنے ایک بیان میں الزام عائد کیا ہے کہ ہلاک کیا جانے والا شخص مخبر تھا

Exit mobile version