شال (ہمگام نیوز) میڈیکل ایمرجنسی ریسپانس سینٹر 1122 کی رپورٹ کے مطابق اکتوبر 2019 سے ستمبر 2025 تک بلوچستان میں 77,826 ٹریفک حادثات ہوئے، جن میں 1,743 افراد جاں بحق اور 1 لاکھ 3 ہزار سے زائد زخمی ہوئے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ بلوچستان میں حادثات کی شرح ملک میں سب سے زیادہ ہے۔ سب سے زیادہ حادثات این-25 (کراچی تا چمن) پر رپورٹ ہوئے، جہاں 35 ہزار سے زائد حادثات میں 900 افراد جان سے گئے۔ اسی طرح این-50 (کوئٹہ تا ڈی آئی خان) پر 24 ہزار سے زائد حادثات میں 421 اموات ہوئیں۔
تجزیہ کاروں کے مطابق حادثات کی بڑی وجوہات میں تیز رفتاری، سڑکوں کی خستہ حالی، غیر تربیت یافتہ ڈرائیورز، اور ٹریفک انتظام کی کمی شامل ہیں۔
بلوچستان کی خستہ حال شاہراہیں آج بھی ہزاروں مسافروں کے لیے خطرے کی علامت بنی ہوئی ہیں، اور اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو یہ “موت کی راہیں” مزید جانیں نگلتی رہیں گی۔















