بارکھان(ہمگام نیوز)بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی بارکھان زون کا جنرل باڈی اجلاس زیر صدارت زونل صدر خیر بخش بلوچ منعقد ہوا جس میں مرکزی کمیٹی کے رکن وحید عباس بطور مہمان خاص شریک ہوئے۔ اجلاس میں مرکزی سرکیولر، سابقہ رپورٹ ، تنقیدی نشست اور تنظیمی امور پر سیر حاصل بحث کے بعد آئندہ لائحہ عمل کے ایجنڈے میں نئی کابینہ کا انتخاب عمل میں لایا گیا جس میں خیر بخش بلوچ زونل صدر اور عثمان بلوچ زونل جنرل سیکرٹری منتخب ہوئے ہیں۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی کمیٹی کے رکن وحیدعباس نے کہا کہ بلوچ قوم آج ایک تاریخی دور سے گزر رہی ہے جہاں طالبعلموں اور نوجوانوں کی ذمہ داریوں میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔یہیں وجہ ہے کہ نوجوانوں کو اپنی ذمہ داریوں کا ادراک کرنا اور انھیں مکمل کرنے کےلیے تگ و دو کرنا نہایت ہی ضروری ہے۔ عہد حاضر میں طالبعلموں کے لیے سب سے اہم اور ضروری کام علم و ہنر سے خود کو روشناس کرتے ہوئے سماج کی ترقی میں کلیدی ادا کرنا ہے۔ بلوچ سماج میں کسی قسم کی تبدیلی انھیں نوجوانوں سے منسلک ہے لہذا خود کو شعور اور علم سے مزین کرکے عمل کی جانب خود کو گامزن کرنا نہایت ہی ضروری ہے۔
انھوں نے کہا کہ بلوچ نوجوان قوم کی مستقبل کا ضامن ہیں۔ بارکھان سمیت کوہ سلیمان میں تعلیمی نظام نہایت ہی مفلوج ہے اور نہایت ہی قلیل تعداد میں طالبعلم علم کی پیاس بجھانے کےلیے محدود تعلیمی اداروں کا رخ کرتے ہیں۔یہیں وجہ ہے کہ ناخواندگی کی شرح میں تسلسل کے اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور نوجوانون کی ایک بڑی تعداد معاشرتی بے راہ روی کا شکار ہو رہے ہیں۔اِن حالات میں بارکھان زون کے کارکنان کی جانب سے قوم دوست اور تعلیم دوست اقدامات کرنا نہایت ہی خوش آئند ہے۔ جہاں بارکھان کے تنظیمی کارکنان نے طالبعلموں کو قومی سیاست کا حصہ بنایا وہیں تعلیمی اداروں میں تعلیمی نظام کو موثر بنانے اور تعلیمی اداروں کو فعال کرنے کی بھی تگ و دو کی ہے ۔
انھوں نے مزید کہا کہ تعلیم ہی وہ زیور ہے جو سماج میں نئی راہیں متعین کرتا ہے اور قوموں کے عروج کا ضامن ہو تا ہے۔ بلوچستان ایساخطہ ہے جہاں تعلیمی نظام نہایت ہی مخدوش ہے اور شرح خواندگی میں بتدریج کمی آتی جا رہی ہے۔بلوچستان میں قائم تعلیمی ادارے جہاں سہولیات کے کمی کی باعث موثر تعلیمی نظام دینے سے قاصر ہیں تو وہی تعلیمی اداروں میں ایک ایسے فضا کی پروان چڑھائی جا رہی ہے جو طالبعلموں کی تعلیمی تسلسل کے راہ میں رکاوٹ کا باعث ہے۔تنظیم کی جانب سے ہمیشہ کوشش کی گئی کہ تعلیمی نظام کے حالت زار پر آواز اٹھایا جائے اور تعلیمی اداروں کو فعال بنانے کےلیے تعلیمی مسائل کو حکومتی نمائندوں کے گوش گزار کیا جائے۔ تنظیم اسی جدوجہد کو جاری رکھے گی۔
اجلاس کے تمام ایجنڈوں پر سیر حاصل بحث کے بعد آئندہ لائحہ عمل کے ایجنڈے میں نئی کابینہ کا انتخاب عمل میں لایا گیا جس کے تحت خیر بخش بلوچ زونل صدر، کاشف بلوچ نائب صدر، عثمان بلوچ زونل جنرل سیکرٹری، منظور بلوچ ڈپٹی جنرل سیکرٹری اور حنیف بلوچ انفارمیشن سیکرٹری منتخب ہوئے۔مرکزی کمیٹی کے رکن وحید بلوچ نے نومنتخب کابینہ سے حلف لیا اور نئے ذمہ داران نے تنظیمی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے نبھانے اور تنظیمی ساخت کو بارکھان سمیت مضافات میں مذید مضبوط کرنے کا اعادہ کیا ہے۔