بدھ, جون 26, 2024
ہومخبریںتربت۔ لاپتہ افراد کے لواحقین نے عید الاضحی کے روز شہید فدا...

تربت۔ لاپتہ افراد کے لواحقین نے عید الاضحی کے روز شہید فدا چوک پر دھرنا دے دیا۔شام 5:3 بجے ریلی نکالی جائے گی۔

تربت (ہمگام نیوز )مانیٹرنگ نیوز ڈیسک کی رپورٹ کے مطابق بلیدہ سے لاپتہ نوجوانوں مسلم عارف، فتح میار اور آپسر تربت سے لاپتہ جہانزیب فضل کے لواحقین نے اپنے پیاروں کی بازیابی کے لیے آج عید کی صبح سے شہید فدا چوک پر دھرنا دیا ہے۔ اس دھرنا میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جب کہ بی ایس او کے مختلف دھڑوں سے تعلق رکھنے والے کارکنان بھی موجود ہیں۔

لواحقین کا کہنا ہے کہ وہ اس سے قبل ڈی سی آفس تربت میں بھی پانچ دنوں تک دھرنا دے کر بیٹھے اور انتظامیہ سے اس یقین دہانی پر مزاکرات کے بعد دھرنا ختم کردیا کہ ان کے پیارے بازیاب ہوکر عید کو گھر پہنچیں گے مگر ان میں سے 9 افراد تو بازیاب ہوگئے جن میں سے چار کا تعلق بلیدہ زامران سے تھا جبکہ باقی کیچ سے تعلق رکھتے تھے مگر ان 12 افراد میں سے تین نوجوان مسلم عارف، فتح میار اور جہانزیب فضل ابھی تک لاپتہ ہیں۔

انہوں نے کہاکہ عید کادن خوشیوں کا دن ہے مگر ہمارے نوجوان لخت جگر لاپتہ ہیں ہمارے لیے گھر اور چوک ایک جیسے ہیں لہذا اسی لیے ہم نے گھروں میں عید گزارنے کے بجائے چوکوں پر احتجاج کا فیصلہ کیاہے شاید طاقتور قوتوں کے دلوں میں رحم پیدا ہو سکے اور ہمارے لاپتہ بازیاب ہوسکیں۔

لاپتہ افراد کے دھرنے میں بی ایس او پجار کے مرکزی جوائنٹ سیکرٹری نوید تاج،ضلعی صدر یاسر بیبگر،مہران عطاء اور بی ایس او کے سینٹرل کمیٹی ممبر کرم خان بلوچ،معروف قوم دوست رہنماء عصا ظفر،حق دو تحریک اور دیگر اظہار یکجہتی کے لیے شریک رہے۔

لواحقین کا کہنا ہے کہ وہ اپنے پیاروں کی بازیابی کے لیے آج شام 5:30 بجے شہید فدا چوک سے ریلی نکالیں گے لہذا تمام سیاسی وسماجی تنظیموں اور عوام سے شرکت کی اپیل کی جاتی ہے ۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز