جاسک 🙁 ہمگام نیوز) لیردف سے تعلق رکھنے والے بلوچ شہری حسین شریفی ولد کدخدا عبداللہ کو پولیس چوکی میں طلب کیے جانے کے بعد انٹیلی جنس فورسز نے گرفتار کرکے نامعلوم مقام منتقل کر دیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق پولیس چوکی کے کمانڈر نے حسین شریفی کو فون کال کے ذریعے شام 5 بجکر 30 منٹ پر چوکی حاضر ہونے کا کہا تھا۔ حسین جیسے ہی چوکی پہنچے، وہاں موجود اہلکاروں نے انہیں حراست میں لے لیا۔
حسین شریفی کے والد، کدخدا عبداللہ، لیردف کے معززین اور معتبر شخصیات میں شمار ہوتے ہیں۔ اہل خانہ کا کہنا ہے کہ گرفتاری کے بعد انہوں نے صوبائی سلامتی کونسل اور تہران کے متعدد حکام سے رابطہ کیا، مگر حسین کی موجودہ حالت اور مقام کے بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔
حسین شریفی کی اچانک اور بلا اطلاع گرفتاری نے علاقے میں تشویش کی فضا پیدا کر دی ہے، اہل خانہ نے ان کی فوری بازیابی کا مطالبہ کیا ہے۔















