خاران(ہمگام نیوز ) اطلاعات کے مطابق خاران میں چیف سیکرٹری بلوچستان کی آمد کی تیاریوں کے دوران شہر میں دھماکہ ہوا ہے۔

دھماکہ اب سے کچھ دیر قبل خاران شہر کے مرکز میں واقع سابقہ الیکشن کمیشن آفس اور عدالت کے قریب ہوا ہے۔

ذرائع کے مطابق دھماکہ اس قدر شدید اور زوردار تھا کہ اسکی آواز سرخاران کے علاقے کُنری سمیت دور دراز علاقوں تک سنائی دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ کل خاران میں چیف سیکرٹری بلوچستان کی آمد متوقع ہے۔ اور اس سلسلے میں آج خاران میں پولیس، ایف سی، انٹیلیجنس سمیت تمام ادارے سکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے سرگرم تھے کہ شہر کے بیچوں بیچ دھماکہ ہوگیا۔

خاران شہر میں گزشتہ ایک ہفتے کے اندر یہ تیسرا دھماکہ ہے۔ پہلا دھماکہ ماڈل سکول میں الیکشن کیلئے پریزائیڈنگ کے افسران کی ٹریننگ کے دوران ہوا تھا، اس کے بعد گزشتہ دنوں تحصیل روڈ پر پیپلز پارٹی کے امیدوار نورالدین نوشیروانی کے گھر کے قریب دھماکہ ہوا تھا۔

ریاستی الیکشنز کی آمد پر اس مرتبہ خاران میں پے در پے دھماکوں سے لگ رہا ہے کہ آگے حالات مزید خراب ہوں گے، جوکہ علاقے میں ریاستی اداروں و اسٹیبلشمنٹ کیلئے الیکشن کروانا ایک واضح چیلنج نظر آرہاہے۔