Homeخبریںذاکر مجید کی ماورائے عدالت گرفتاری کو گیارہ برس کا طویل عرصہ...

ذاکر مجید کی ماورائے عدالت گرفتاری کو گیارہ برس کا طویل عرصہ مکمل ہوچکا ہے: سہراب بلوچ 

کوئٹہ (ہمگام نیوز)بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن آزاد کے مرکزی چئیرمین سہراب بلوچ نے بلوچ مِسنگ پرسنز ڈے کی مناسبت سے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں سیاسی کارکنان اور عوام کی ماورائے عدالت گرفتاری پوری شدت کے ساتھ جاری ہے۔ہزاروں کی تعداد میں سکیورٹی فورسز اور دیگر اداروں نے عوام کو ماورائے عدالت گرفتاری کے بعد نامعلوم مقام پہ منتقل کیا ہے جن کے بارے میں اہلخانہ کو کسی قسم کی معلومات فراہم نہیں کی جارہی ہے۔
تنظیم نے متعدد دفعہ لاپتہ افراد کے متعلق بیان جاری کرتے ہوئے انہیں عدالتوں میں پیش کرنے کی اپیل کی تھی لیکن کسی بھی سیاسی رہنماء اور عوام کو منظرعام پہ نہیں لایا گیا جو انسانی حقوق کے آئین کے منافی ہے۔
سہراب بلوچ نے مزید کہا سیاسی رہنماؤں اور سیاست سے منسلک کارکنان اور عوام کی ماورائے عدالت گرفتاری بلوچستان کو سیاسی حوالے سے بانجھ بنانے کی سازش ہے۔سیاسی سرگرمیوں میں منسلک ہونے کی بنیاد پہ ذاکر مجید،دین محمد،غفور بلوچ اور دیگر کئی افراد کو ماورائے عدالت گرفتار کیا گیا ہے۔
ذاکر مجید کی ماورائے عدالت گرفتاری کو گیارہ برس کا طویل عرصہ مکمل ہوچکا ہے لیکن گیارہ برس کے بعد بھی انہیں منظر عام پہ نہ لانا انکے خاندان اور دیگر عزیز و اقارب کے لئے اذیت ناک ہے۔
سہراب بلوچ نے اپنے بیان کے آخر میں کہا کہ تنظیم کی جانب سے مِسنگ پرسنز کیس کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لئے سوشل میڈیا میں آگاہی مہم چلائی جائیگی جبکہ ذاکر مجید کی فیملی کی جانب سے انکی گیارہ سال طویل جبری گمشدگی کے خلاف کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔
بلوچ طالب علم،استاد اور دیگر شعبوں سے منسلک افراد سے اپیل ہیں کہ وہ احتجاجی مظاہرے اور کمپئین میں حصہ لیکر بلوچستان میں جبری گمشدگی سے متاثرہ افراد سے بھرپور اظہار یکجہتی کریں۔
Exit mobile version