زاہدان(ہمگام نیوز ) اطلاعات کے مطابق بروز جمعرات کو رات 2 بجے کے قریب قابض ایرانی آرمی نے زاہدان کے علاقے شیرآباد پر درجنوں گاڑیوں کے ساتھ حملہ کیا اور لوڈرز کا استعمال کرتے ہوئے شیرآباد کے علاقے میں بلوچ شہریوں کے گھروں کو بڑے پیمانے پر تباہ کرکے مسمار کر دیا ۔

 رپورٹ کے مطابق فوج اور سیکورٹی فورسز نے پہلے شیرآباد کے علاقے میں بجلی مکمل طور پر منقطع کی اور پھر پیشگی انتباہ کے بغیر درجنوں فوجی گاڑیوں، چار بسوں اور پندرہ لوڈرز پر مشتمل زبردست حملہ کرکے پسماندہ شہریوں کے گھروں کو تباہ کردیا۔

 فوجی دستوں نے عوام کو گھروں کے اندر سے ان کی زندگی بھر کا سامان بھی نہیں نکالنے دیا اور لوگوں کی تمام املاک ملبے تلے دب کر رہ گئے، جبکہ خواتین اور بچوں کے ساتھ بد سلوکی کی ۔

 یہ امر قابل ذکر ہے کہ فوجی دستوں نے اس علاقے کو گھیرے میں لے کر داخلی اور خارجی راستوں کی ناکہ بندی کر رکھی تھی اور شہریوں کے گھروں کو مسمار کرنے کے لیے کوئی عدالتی حکم یا وضاحت نہیں دی ہے اور نہ ہی ان مکانات کی مسماری کے ذمہ دار کا پتہ چل سکا ہے۔