Homeانٹرنشنلسعودی عرب نے بلوچستان ریکوڈک کان کو 8 ارب ڈالر میں خریدنے...

سعودی عرب نے بلوچستان ریکوڈک کان کو 8 ارب ڈالر میں خریدنے کا منصوبہ تیار کرلیا، امریکی اخبار

کوئٹہ( ہمگام نیوز ) امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق سعودی عرب بلوچستان کے علاقے چاغی ریکوڈک کان کو 8 ارب ڈالر میں خریدنے کا ارادہ رکھتا ہے، وال اسٹریٹ جنرل نے اپنی رپورٹ میں اس منصوبے سے واقف افراد کے حوالے سے کہا کہ سعودی عرب مغربی پاکستان میں کینیڈا کے بیرک گولڈ کی جانب سے آٹھ ارب ڈالر کی لاگت سے تیار کی جانے والی بڑی کان خریدنے کے لیے بات چیت کر رہا ہے ۔

 وال اسٹریٹ جرنل نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ ریکوڈک کان بیرک گولڈ اور حکومت بلوچستان کا مشترکہ منصوبہ ہے جو ملک کے ایک دور افتادہ علاقے میں واقع ہے، ریکوڈک کان کو فی الحال ایک طویل قانونی لڑائی کے بعد بیرک گولڈ کی طرف سے تیار کیا جارہا ہے، رپورٹ میں حکام اور ماہرین کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ سعودی عرب کان کنی کے مواقع میں سب سے زیادہ دلچسپی رکھتا ہے جبکہ متحدہ عرب امارات زراعت، صاف توانائی اور لاجسٹکس پر سب سے زیادہ توجہ دے رہا ہے امریکی جریدے وال اسٹریٹ جنرل کی رپورٹ کے مطابق پاکستان اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری لانے کے لیے خلیجی ممالک کے ساتھ مذاکرات کررہا ہے کیونکہ پاکستان اپنی معیشت کو مستحکم کرنے کا خواہاں ہے۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ پاکستان، تیل کی دولت سے مالا مال خلیجی حکمرانوں کو اپنی معیشت کو بہتر بنانے کیلئے سرمایہ کاری کی طرف راغب کررہا ہے جس کا ایک مقصد غیر ملکی کرنسی کو ملک میں لانا بھی ہے۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ پاکستان اور خلیجی حکام کے مطابق پاکستان میں سعودی آئل ریفائنری کے قیام کے لیے مذاکرات آخری مراحل میں ہیں جس پر 14 ارب ڈالر لاگت آسکتی ہے۔

Exit mobile version