اسلام آباد (ہمگام نیوز) عرب میڈیا العربی الجدید میں شائع کی جانے والی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چین نے پاکستان میں نئے بیلٹ اینڈ روڈ پراجیکٹس میں مزید سرمایہ کاری کے مطالبے کو مسترد کر دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان اعلیٰ سطحی اجلاس “منٹس” کے مطابق جو جاپانی “نکی ایشیاء” اخبار کی آج کی اشاعت میں شائع ہوئی ہے نے سیاسی غیر یقینی صورتحال اور بگڑتی ہوئی سکیورٹی صورتحال کو بنیادی وجہ قرار دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق جس شخص نے پاکستان اور چینی حکومت کے درمیان ہونے والے مذاکرات کی دستاویز کا مسودہ دیکھا ہے انہوں نے جاپانی “نکی ایشیاء” پبلیکیشن کو بتایا کہ چینی حکومت نے پاکستان کی جانب سے اقتصادی راہداری کے لیے بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے تحت منصوبوں میں مزید سرمایہ کاری کرنے کی درخواست کو مسترد کر دیا ہے۔
رپورٹ میں مزید انکشاف کیا گیا ہے کہ بیرونی قرضوں کی ادائیگیوں کے توازن میں شدید مالیاتی بحران سے دوچار پاکستان شدت سے بیرونی فنانسنگ تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر نہ ہونے کے برابر ہیں کیوںکہ پاکستان کے مرکزی بنک میں موجود تمام ڈالرز سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سے لیے ہوئے وہ قرضے ہیں جنہیں پاکستان رکھ تو سکتا ہے لیکن خرچ نہیں کرسکتا۔