شاهرگ (همگام نیوز ) مقبوضہ بلوچستان کے علاقے شاہرگ میں ترخا تنگ کے مقام پر قائم فوجی چیک پوسٹ کے قریب ایک بلند ٹاور کے اوپر ایف سی نے جدید اور لانگ رینج کیمرے نصب کیے ہیں۔

مقامی ذرائع کے مطابق ان کیمروں کے ذریعے ایف سی ترخا تنگ سمیت کوص، چالیس اور آس پاس کے تمام علاقوں کا 24 گھنٹے معائنہ کرتی ہے۔

ذرائع نے کہا کہ علاقہ مکین اسے اپنی چادر و چار دیواری کی پامالی تصور کرتے ہیں اور جب سے یہ کیمرے لگے ہیں عورتوں کا گھروں کے اندر سے نکلنا تک دشوار ہوگیا ہے۔

واضح رہے کہ بلوچستان کے ایسے دور دراز کے قصبے اور گاؤں میں بنیادی سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے لوگوں کے بند گھر نہیں ہوتے، حتہ کہ بیشتر گھروں کے واش روم تک بغیر چھت کے ہوتے ہیں۔

ایسے میں ایف سی کی جانب سے آبادی کے اوپر کیمرے نصب کرنا ان کے اوپر برملا ظلم ہے جسکی وجہ سے علاقہ مکین ہجرت کرنے پر مجبور ہورہے ہیں۔

ان علاقوں میں آزادی پسند تنظیموں کے سرمچاروں کو بھی ان کیمروں سے بچنے کی ضرورت ہے ۔ خیال رہے کہ شاہرگ کے مذکورہ علاقوں میں بلوچ اور پشتون آباد ہیں۔