شال (ہمگام نیوز) بلوچ لبریشن آرمی کے ترجمان آزاد بلوچ نے جاری کردہ بیان میں عبید عرف دیدگ ولد عبداللہ کو بلوچ قومی تحریک اور بلوچ قوم کا مجرم قرار دیتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ وہ قابض پاکستان اور قابض ایران کے لیے سہولت کاری میں ملوث رہا ہے۔

ترجمان کے مطابق 3 مارچ کو قلات اسپیشل مشن (خاصیں محاذ) میں مجید برگیڈ کے جانبازوں نے ایف سی ونگ کمانڈنٹ پر ایک کامیاب وطن ندر حملہ کیا۔ تنظیم نے اپنی حکمت عملی کے تحت وطن ندر کی شناخت کو مخفی رکھا تاکہ دشمن کو مزید نقصان پہنچایا جا سکے۔ تاہم، حملے کے چند گھنٹوں بعد سوشل میڈیا پر کچھ تصاویر، نام اور پتہ شائع کیے گئے، جو وطن ندر نمیران بانک ماہکان کی تھیں۔

ترجمان نے سوشل میڈیا پر وطن ندر کی معلومات افشا کرنے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے 3 مارچ کو ایک بیان میں اعلان کیا کہ اس جرم میں ملوث کرداروں کی نشاندہی کے لیے تنظیمی سطح پر تحقیقات کی جائیں گی۔ اس سلسلے میں تنظیم کے کچھ ذمہ داران کو ذمہ داری سونپی گئی، جنہوں نے جامع تحقیق کے بعد ملوث افراد کی شناخت کر لی۔

ترجمان کے مطابق، تحقیقات سے یہ ثابت ہوا کہ اس جرم میں عبید عرف دیدگ براہ راست ملوث ہے۔ عبید عرف دیدگ ماضی میں بی ایل اے کے ساتھ منسلک رہا اور مختصر مدت کے لیے اسے محدود رابطہ کاری کی ذمہ داری دی گئی تھی، مگر کچھ بے ضابطگیوں کے سبب تنظیم نے اس سے یہ ذمہ داریاں واپس لے لیں۔ بعد ازاں، معلومات موصول ہوئیں کہ وہ قابض ایران کے خفیہ اداروں اور قابض پاکستانی فوج و آئی ایس آئی کے ساتھ رابطے میں تھا اور ان کے لیے سہولت کاری کا کام سرانجام دے رہا تھا۔

ترجمان کے مطابق، جب تنظیم نے عبید عرف دیدگ سے ان الزامات پر وضاحت طلب کی تو اس نے صفائی دینے کے بجائے تنظیم سے رابطہ منقطع کر لیا۔ مزید تحقیقات سے معلوم ہوا کہ عبید عرف دیدگ نے پارٹی اصولوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے وطن ندر نمیران بانک ماہکان کی تصاویر، نام اور پتہ حاصل کیے اور انہیں سوشل میڈیا پر شائع کروایا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ مزید تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ عبید عرف دیدگ کے دیگر ساتھی بھی کراچی اور ایرانی مقبوضہ بلوچستان میں بلوچ آزادی پسندوں کے خلاف سرگرم ہیں اور ان کی معلومات قابض ایران اور قابض پاکستان کو فراہم کر رہے ہیں۔

بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ عبید عرف دیدگ نے دشمن قوتوں کے ساتھ مل کر ایک دوسری آزادی پسند تنظیم کے کارکن کو نقصان پہنچانے کی سازش کی اور اس جرم کو گمراہ کن طریقے سے بی ایل اے پر ڈالنے کی کوشش کی۔

ترجمان نے واضح کیا کہ تنظیم بلوچ قومی تحریک کے خلاف سرگرم عناصر کی سرکوبی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور عبید عرف دیدگ کو بلوچ قوم کا غدار اور قومی مجرم قرار دیتی ہے۔