نیدرلینڈز(ہمگام نیوز) فری بلوچستان موومنٹ (FBM) نیدرلینڈز برانچ کے ترجمان نے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ 27 مارچ 2025 کو “یومِ قبضہ بلوچستان” کے موقع پر نیدرلینڈز کے شہر دی ہیگ میں پاکستان کے خلاف ایک احتجاجی مظاہرہ کرے گی۔ اس مظاہرے کا مقصد بلوچستان پر پاکستان کے غیر قانونی قبضے اور وہاں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو عالمی برادری کے سامنے بے نقاب کرنا ہے۔
فری بلوچستان موومنٹ تمام بلوچ عوام، انسانی حقوق کی تنظیموں، آزادی پسند تحریکوں، اور انصاف کے حامیوں سے اپیل کرتی ہے کہ وہ اس مظاہرے میں بھرپور شرکت کریں اور بلوچستان کے مظلوم عوام کی آواز بنیں۔
27 مارچ 1948 کو پاکستان نے بلوچستان پر جبری قبضہ کر کے بلوچ عوام کے سیاسی، سماجی، اور ثقافتی حقوق کو پامال کیا۔ تب سے لے کر آج تک، بلوچ عوام ریاستی جبر، جبری گمشدگیوں، ماورائے عدالت قتل، اور فوجی آپریشنز کا شکار ہیں۔ پاکستان کی قابض افواج نے بلوچستان میں نسلی اور ثقافتی نسل کشی کی پالیسی اپنا رکھی ہے، جس کے خلاف بلوچ عوام کئی دہائیوں سے جدوجہد کر رہے ہیں۔
اس احتجاج کے توسط سے ہم اقوامِ متحدہ، یورپی یونین، اور انسانی حقوق کے عالمی اداروں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ بلوچستان میں پاکستان کے مظالم کا نوٹس لیں، بلوچ عوام کے حقِ خودارادیت کو تسلیم کریں، اور بلوچستان پر پاکستانی قبضے کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات کریں۔
یہ مظاہرہ بلوچ عوام کی جدوجہدِ آزادی کو مزید مضبوط بنانے اور عالمی سطح پر بلوچستان کی صورتحال کو اجاگر کرنے کے لیے ایک اہم موقع ہوگا۔
ہم تمام آزادی پسند بلوچ عوام، جلاوطن بلوچ کمیونٹی، انسانی حقوق کے کارکنان، اور ہر اس شخص کو دعوت دیتے ہیں جو ظلم کے خلاف کھڑا ہونا چاہتا ہے، کہ وہ 27 مارچ کو دی ہیگ میں ہمارے ساتھ شامل ہوں اور بلوچستان کی آزادی کے لیے اپنی آواز بلند کریں۔